کوپا امریکا ارجنٹائن اور چلی میں آج ٹائٹل کی جنگ

میسی الیون 22 برس بعد انٹرنیشنل ٹرافی جیتنے کیلیے پُرعزم،ایونٹ کی99 سالہ تاریخ میں میزبان ملک پہلی کامیابی کا خواہاں


AFP July 04, 2015
ٹائٹل فتح میسی الیون کو مجموعی14 فتوحات کے ساتھ یوروگوئے کا ہم پلہ بنا دے گی فوٹو: فائل

کوپا امریکا فٹبال کے ٹائٹل کی جنگ ہفتے کو ارجنٹائن اور میزبان چلی کے درمیان ہوگی، ارجنٹائن کو کوئی بھی انٹرنیشنل ٹائٹل جیتے ہوئے 22 برس بیت چکے ہیں، لیونل میسی اور اینجل ڈی ماریا کی نسل کے پلیئرز اب تک ملک کو کوئی بڑی ٹرافی دلانے میں کامیاب نہیں ہوپائے، ارجنٹائن نے آخری مرتبہ کوپا امریکا چیمپئن شپ 1993 میں اپنے نام کی تھی، چلی ایونٹ کی 99 سالہ تاریخ میںپہلی ٹرافی کی راہ دیکھ رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کوپا امریکا ٹرافی کا فیصلہ ہفتے کی شب ارجنٹائن اور چلی کے درمیان میچ سے ہوگا، ارجنٹائنی ٹیم کو انٹرنیشنل ایونٹ جیتے22 برس بیت چکے ہیں، ٹائٹل فتح میسی الیون کو مجموعی14 فتوحات کے ساتھ یوروگوئے کا ہم پلہ بنا دے گی، چلی ایونٹ کی 99 سالہ تاریخ میں پہلی بارچیمپئن بننے کا آرزومند ہے، ٹیم اس سے قبل چار مرتبہ فائنل میں ناکام ہوچکی ہے، ارجنٹائن سے ایونٹ کے24 مقابلوں میں چلی کبھی کامیاب نہیں ہوا لیکن اس مرتبہ تاریخ بدلنے کا سنہری موقع ہے، میزبان ٹیم کو اپنی تاریخ کے بہترین پلیئرز کا ساتھ حاصل ہے۔

ان میں آرتورو ویڈال، الیکس سانچز اور کلاڈیو براوو شامل ہیں، ہفتے کا مقابلہ چلی کیلیے ''اب نہیں تو کبھی نہیں'' والی صورتحال ہے، یوونٹس کیلیے بھی کھیلنے والے ویڈال نے گذشتہ دنوں کہا تھا کہ اگرچہ ہم پر دباؤ ہے لیکن خود کو پُرسکون رکھتے ہوئے ثابت کرنا چاہتے ہیں کہ مضبوط سائیڈ ہیں۔ دوسری جانب ارجنٹائن کی ٹیم 22 سال بعد ٹائٹل اپنے قبضے میں کرنے کی خواہاں ہے، گذشتہ برس برازیل میں منعقدہ ورلڈ کپ فائنل میں اسے جرمنی سے شکست ہوئی تھی، ارجنٹائنی ٹیم کو انٹرنیشنل ٹائٹل جیتے ہوئے22 برس ہوچکے ہیں۔

لیونل میسی اگرچہ اسپینش کلب بارسلونا کو کئی ٹائٹل جتوانے میں پیش پیش رہے تاہم انٹرنیشنل سطح پر ارجنٹائن کیلیے کوئی کارہائے نمایاں انجام نہیں دے پائے، انھوں نے 2005 انڈر20 ورلڈ کپ میں ارجنٹائن کی ٹائٹل فتح میں کلیدی کردار ادا کیا تھا لیکن سینئر سطح پر اب تک کوئی بڑی ٹرافی حاصل نہیں کرپائے، لیونل میسی نے اس حقیقت کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہمارے عہد کے پلیئرز نیشنل ٹیم کیلیے ٹائٹل جیتنے کیلیے بے چین ہیں، بطور ٹیم ہم فتح پانے کے حقدار اور ٹائٹل کے بہت قریب ہے، اسٹرائیکر سرجیو اگیورو نے کہا کہ اگر ہم ٹرافی نہیں جیت پائے تو پھر ساری زندگی اس کا افسوس رہے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔