دہشت گردی اور توانائی بحران کا خاتمہ اولین ترجیحات ہیں نواز شریف

شہر کو فراہم کیا جانیوالا پانی مکمل طور پر صاف شفاف اور جراثیموں سے پاک ہونا چاہیے، وزیراعظم


Numainda Express July 04, 2015
شہر کو فراہم کیا جانیوالا پانی مکمل طور پر صاف شفاف اور جراثیموں سے پاک ہونا چاہیے، وزیراعظم ۔ فوٹو : این این آئی

وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ دہشتگردی کا خاتمہ اور توانائی بحران پر قابو پانا حکومت کی اولین ترجیحات ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے گزشتہ روز جرمنی کے سبکدوش سفیر ڈاکٹر سیرل نن سے الوداعی ملاقات میں کیا۔

انہوں نے دونوں ملکوں کے تعلقات بہتر بنانے کیلیے سفیرکے کردار کو سراہا۔ وزیراعظم نے امید ظاہرکی کہ جرمنی کے اقتصادی اور تجارتی وفود کے دورے پاکستان کی اقتصادی ترقی میں مثبت کردار ادا کریں گے۔ ادھر وزیراعظم کی زیر صدارت مری میں ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار کا جائزہ لینے کیلیے اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔ تقریباً چار گھنٹے جاری رہنے والے اجلاس میں وفاقی وزرا شاہد خاقان عباسی، پرویز رشید، ڈاکٹر آصف کرمانی، راجہ اشفاق سرور اور حمزہ شریف بھی شریک ہوئے۔

وزیراعظم کو بتایا گیا کہ مری کے 10 ترقیاتی منصوبوں میں سے6 مکمل کر لیے گئے ہیں جبکہ دیگر 4 کی جلد از جلد تکمیل کیلئے تعمیراتی کام تیز رفتاری سے جاری ہے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں کی تیز تر تکمیل کیلئے تمام تر رکاوٹوں کو ختم کیا جائے تاکہ مری کے عوام اور ملک بھر سے آنیوالے سیاح بہترین سہولتوں سے استفادہ کر سکیں۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ترقی اور اپ گریڈیشن کے عمل کے دوران مری کی پرانی عظمت اور شان کی بحالی کو یقینی بنایا جائے۔ تمام سکیموں کو منظور شدہ نظام الاوقات میں مکمل کیا جائے تاکہ علاقے کے عوام کو جلد از جلد زیادہ سے زیادہ فوائد فراہم کیے جا سکیں۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ مری کو پانی کی روزانہ فراہمی کو0.65 ملین گیلن سے بڑھا کر پانی کی یومیہ فراہمی کو 1.9 ملین گیلن تک بڑھا دیا گیا ہے۔ شہر میں پانی کے اعداد و شمار کیلیے واٹر میٹرنگ کا نظام متعارف کروایا گیا ہے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ شہر کو فراہم کیا جانیوالا پانی مکمل طور پر صاف شفاف اور جراثیموں سے پاک ہونا چاہیے۔

وزیر اعظم نے زیر تعمیر تاریخی عمارت جنرل پوسٹ آفس کا دوراہ بھی کرنا تھا تاہم طویل اجلاس میں مصروفیت اور سیکیورٹی کلیئرنس نہ ملنے کے باعث وہاں نہ جاسکے۔ وزیراعظم سینئر صحافی انصار عباسی کے گھرگئے اور ان سے ان کے بھائی کی وفات پر تعزیت کی۔ دریں اثنا نواز شریف ناروے کی وزیراعظم ارنا سالبرگ کی دعوت پر منگل کو ناروے کا دورہ کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں