ٹیلرکی سنچری شکست نہ ٹال سکی سیریز ویسٹ انڈیز کے نام

چوتھے میچ میں کیویز 24رنز سے ناکام، کپتان کے 110رنز، ٹینوبیسٹ کی 4وکٹیں


ایکسپریس July 16, 2012
چوتھا ون ڈے، ویسٹ انڈیز کیخلاف کیوی کپتان روز ٹیلرکا دفاعی انداز، انھوں نے 110رنز بنائے (فوٹو ایکسپریس)

روز ٹیلر کی سنچری اننگز بھی نیوزی لینڈ کی شکست کو نہ ٹال سکی، ویسٹ انڈیز نے چوتھا ون ڈے 24رنز سے جیت کر سیریز 3-1 سے اپنے نام کرلی، دونوں ممالک میں پانچواں اور آخری ایک روزہ مقابلہ پیر کی شب کھیلا جائیگا، کیریبیئن بولر ٹینو بیسٹ نے ٹیم میں اپنی واپسی کو 46رنز کے عوض 4 وکٹیں لیکر درست قرار دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق کندھے کی انجری سے نجات پانے کے بعد ون ڈے سیریز میں پہلا میچ کھیلنے والے ریگولر کیوی کپتان روز ٹیلر نے ویسٹ انڈین بولرز کے چھکے تو چھڑائے لیکن وہ کیریئر کی چھٹی سنچری داغنے کے باوجود ٹیم کو فتح سے ہمکنار نہیں کراسکے،

فتح کیلیے 264 کا تعاقب کرنیو الی کیوی ٹیم 49.3 اوورز میں 240 پر ہمت ہارگئی، ٹیلر کی وکٹ پر موجودگی میں کیویز کی فتح کے آثار نمایاں ہوئے لیکن ٹینو بیسٹ نے بازی یکدم پلٹ دی، جنھوں نے پہلے جیکب اورم اور پھر ٹیلر کو پویلین چلتا کرتے ہوئے میزبان ٹیم کو سیریز میں3-1 کی فیصلہ کن برتری دلوادی، روز ٹیلر نے 115 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 110رنز بنائے،

جس میں 6 چوکے اور 5 چھکے شامل رہے، نیوزی لینڈ کیلیے اوپنر روب نکول 35 اور ٹام لیتھم32رنز بناکر دہرے ہندسے میں رسائی پانیو الے دیگر دو بیٹسمین ثابت ہوئے، مین آف دی میچ میزبان اسپنر سنیل نارائن نے 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، اس سے قبل ویسٹ انڈیز کی ٹیم 49.5 اوورز میں 264رنز بناکر آئوٹ ہوئی، کیرون پولارڈ نے 56رنز نمایاں بنائے،

سیریز کے فاتح کپتان ڈیرن سیمی نے کہا کہ ہمارے لیے چوتھے ون ڈے میں لوئر آرڈر کا پرفارم کرنا اچھی علامت رہا جنھوں نے اختتامی اوورز میں ٹیم کو قابل قدر مجموعے تک رسائی دلانے میں اہم کردار ادا کیا، ناکام قائد ٹیلر کا کہنا تھا کہ ویسٹ انڈیز کو فتح کا کریڈٹ دیاجانا چاہیے، انھوں نے پورے میچ میں ہم پر دبائو رکھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں