ومبلڈن پیٹرا کیوٹوا کے ہاتھوں سے ٹرافی پھسل گئی

 سونگا کو مات،کارلووک پری کوارٹر فائنل میں پہنچنے والے عمررسیدہ ترین پلیئر

 سونگا کو مات،کارلووک پری کوارٹر فائنل میں پہنچنے والے عمررسیدہ ترین پلیئر ہیں۔ فوٹو : اےایف پی

ومبلڈن ٹینس میں پیٹرا کیوٹوا کے ہاتھوں سے ٹرافی پھسل گئی، ویمنز سنگلز کی دفاعی چیمپئن کو جیلینا جینکووچ نے ٹھکانے لگا دیا، ایوا کارلووک نے سونگا کو مات دے کرپری کوارٹر فائنل میں پہنچنے والے عمررسیدہ ترین پلیئر کا اعزاز پالیا، راجرفیڈرر، کیرولین ووزینسکی اور اگنیسکا ریڈوانسکا نے ٹائٹلز کی جانب پیشقدمی جاری رکھی۔


تفصیلات کے مطابق ومبلڈن ٹینس ٹورنامنٹ ویمنز سنگلز میں دفاعی چیمپئن پیٹرا کیوٹوا کا سفر تیسرے راؤنڈ میں تمام ہوگیا، انھیں سربین پلیئر جیلیناجینکووچ نے پچھاڑ کر پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی، ان کی فتح کا اسکور 3-6، 7-5 اور 6-4 رہا، 5 سیڈ کیرولین ووزینسکی نے اطالوی پلیئر کمیلا جیورجی کو 6-2، 6-2 سے مات دیدی، گاربین مگروزا نے 10 سیڈ اینجلیک کیربر کو 7-6(14/12)، 1-6 اور6-2 سے قابو کیا ۔

مونیکا نیکولیسکو نے کرسٹینا پلسکووا پر 6-3 اور7-5 سے غلبہ پالیا، پولش اسٹار اگنیسکا ریڈوانسکا نے کیسی ڈیلوکا کو 6-1 اور6-4 سے مات دے دی،ٹیمیا بیزینسکی نے سبائن لیسکی پر غلبہ پالیا، مینز سنگلز کے تیسرے مرحلے میں راجرفیڈرر نے آسٹریلوی حریف سموئل گروتھ کو 6-4، 6-4، 6-7 (5/7) اور 6-2 سے ہرادیا۔یوایس اوپن چیمپئن مارن کلک نے اعصاب شکن مقابلے میں امریکی پلیئر جون اسنر کو رخصت کردیا،ڈسٹن براؤن کا قصہ وکٹر ٹروسکی کے ہاتھوں تمام ہوگیا،کروشین پلیئر ایوا کارلووک ومبلڈن پری کوارٹر فائنل میں پہنچنے والے عمررسیدہ پلیئر بن گئے، 39 سالہ کھلاڑی نے 13سیڈ فرانس کے جوئے ولفریڈ سونگا کوہرایا۔
Load Next Story