کوپا امریکا فٹبال پیرو نے تیسری پوزیشن پر قبضہ جمالیا

پیراگوئے کو 2-0 سے مات، پاؤلو گوریرو ٹاپ اسکورر کی دوڑ میں شامل ہو گئے


Sports Desk/AFP July 05, 2015
تیسری پوزیشن کے مقابلے میں پیرو نے پیراگوئے کو 2-0 سے آؤٹ کلاس کردیا فوٹو: فائل

ISLAMABAD: کو پا امریکا فٹبال میں پیرو نے پیراگوئے کو 2-0 سے پچھاڑ کر تیسری پوزیشن پر قبضہ جمالیا، پاؤلو گوریرو اختتامی لمحات میں ٹیم کا دوسرا گول داغ کر ٹاپ اسکورر کی دوڑ میں شامل ہوگئے، ان کا مقابلہ چلی کے ایڈورڈو ویرگاس کے ساتھ ہے، دونوں نے یکساں طور پر4،4 گول بنائے، چلی کی ٹیم فائنل میں ارجنٹائن کا سامنا کرے گی اور ویرگاس کے پاس ابھی آگے بڑھنے کا موقع موجود ہے۔

تفصیلات کے مطابق کوپا امریکا فٹبال اختتام کی جانب بڑھنے لگا، تیسری پوزیشن کے مقابلے میں پیرو نے پیراگوئے کو 2-0 سے آؤٹ کلاس کردیا، پہلے ہاف میں دونوں جانب سے کئی عمدہ مووز بنیں لیکن پیرو کا پلڑا بھاری رہا ،فارورڈز نے کئی مواقع پر حریف دفاعی پلیئرز کو ڈاج دیتے ہوئے گول پوسٹ تک رسائی پائی،پہلا گول 48 ویں منٹ میں پیرو کے آندرے کاریلو نے بنایا، خطرناک مڈفیلڈر کرسٹیان کیووا کی کارنرکک پر کاریلو نے ہیڈر کے ذریعے گیند کو عمدگی سے جال میں پہنچایا،گول کیپر جسٹو ویلار بے بسی کی تصویر بنے دکھائی دیے، سیمی فائنل میں ارجنٹائن کے ہاتھوں1-6 کی بڑی شکست سے دوچار ہونے والی پیراگوئن ٹیم کو کھیل کے 68ویں منٹ میں مقابلہ برابر کرنے کا سنہری موقع ملا لیکن ایڈگر بینٹیز کی عمدہ کاوش پیرو کے مڈفیلڈر کارلوس ایسکیوز نے ناکام بنا دی۔

89ویں منٹ میں پاؤلو گوریرو نے ٹیم کی فتح پر مہر ثبت کردی، انھوں نے دوسرا گول بناتے ہوئے خود کو ایونٹ کے ٹاپ اسکورر بننے کی دوڑ میں شامل کرالیا، یہ ایونٹ میں ان کا مجموعی طور پر چوتھا گول تھا، چلی کے ایڈورڈو ویرگاس بھی 4 گولز کے ساتھ نمایاں ہیں،31 سالہ گوریرو کے کیریئر کا یہ 25واں انٹرنیشنل گول ثابت ہوا، وہ مزید ایک گول بناکر پیرو کے سابق فٹبالر ٹیوفولیو کوبالیز کا قومی ریکارڈ برابر کردیں گے جو سردست 26 گولز کے ساتھ سب سے نمایاں ہیں۔ فاتح ٹیم نے اس سے قبل 2011 کے کوپا امریکا میں بھی تیسری پوزیشن پر اختتام کیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔