ورلڈ ٹی 20 فلاور نے پیٹرسن کے ارمان ٹھنڈے کردیے

ای سی بی اسٹار بیٹسمین کو دوبارہ انگلینڈ کی رنگین کٹ نہیں پہننے دے گا، انگلش کوچ

پیٹرسن کیلیے اب ون ڈے اور ٹوئنٹی 20 ٹیم میں کوئی جگہ نہیں ہے۔ فائل فوٹو

انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے محدود اوورز کی کرکٹ میں واپسی کے خواہاں کیون پیٹرسن کو ہری جھنڈی دکھادی، کوچ اینڈی فلاور نے اسٹار بیٹسمین کے ارمان ٹھنڈے کرتے ہوئے کہا کہ ان کیلیے اب ون ڈے اور ٹوئنٹی 20 ٹیم میں کوئی جگہ نہیں ہے، فیصلہ کرنے سے پہلے ہی تمام چیزوں کا سوچ لینا چاہیے تھا۔ تفصیلات کے مطابق اسٹار بیٹسمین کیون پیٹرسن نے کچھ عرصہ قبل محدود اوورز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی

مگر اب وہ ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ کھیلنا چاہتے اور اس مقصد کیلیے ون ڈے کرکٹ سے بھی ریٹائرمنٹ واپس لینے کو تیار ہیں مگر اب انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کو ان کی واپسی میں کوئی دلچسپی نہیں رہی، کوچ اینڈی فلاور نے یقین ظاہر کیا ہے کہ ای سی بی پیٹرسن کو دوبارہ انگلینڈ کی رنگین کٹ پہننے کی اجازت نہیں دے گا، انھوں نے کیون پیٹرسن کی جانب سے واپسی کی خواہش پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ صورتحال اب بھی ویسی ہے جیسی اس وقت تھی جب اس نے پہلی مرتبہ اس سلسلے میں ہم سے رابطہ کیا تھا، انگلش بورڈ کرکٹ کے تمام تینوں فارمیٹس کی حفاظت چاہتا ہے وہ ایسی مثال قائم کرنے کو تیار نہیں جس میں کوئی صرف ون ڈے کرکٹ چھوڑ دے،


اس لیے صورتحال کو دیکھتے ہوئے اس بات کا کوئی امکان نہیں ہے کہ کیون پیٹرسن کو ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ کیلیے ٹیم میں کوئی جگہ دی جائے، اینڈی فلاور نے واضح کیا کہ ان کے اور پیٹرسن کے درمیان کوئی ذاتی اختلافات نہیں ہیں، انھوں نے کہا کہ ہم پوری انگلش کرکٹ کی بہتری کیلیے سوچتے ہیں اس میں انفرادی شخصیات کا تو سوال ہی نہیں پیدا ہوتا، ہم خوش قسمت ہیں کہ ہمارے پاس انتخاب موجود ہے دنیا میں کئی ایسے لوگ ہوتے ہیں جن کے پاس دوسری کوئی چوائس نہیں ہوتی،

میرے خیال میں کسی بھی بیٹسمین کیلیے اس سے افسوسناک بات کیا ہوگی کہ وہ بہترین فارم میں ہوتے ہوئے بھی انٹرنیشنل کرکٹ کے تمام فارمیٹس نہیں کھیل سکتا،کیون پیٹرسن کو بھی اپنے کیریئر کے اختتام پر افسوس ہوگا کہ وہ ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ اور ون ڈے ورلڈ کپ 2015 کھیل سکتا تھا مگر نہیں کھیل پایا۔
Load Next Story