ہاکی میں بدترین شکست

ہاکی کے کھیل کے زوال کی وجہ یہ ہے کہ اس کے کھلاڑیوں کو اس کھیل میں مالی فوائد نظر نہیں آتے


Editorial July 06, 2015
بیلجیئم میں ورلڈ ہاکی لیگ میں شکست کی انکوائری ہونی چاہیے اور اصل وجوہات قوم کے سامنے آنی چاہیں۔ فوٹو : فائل

بیلجیئم میں کھیلی جانے والی ورلڈ ہاکی لیگ میں پاکستانی ہاکی ٹیم کوارٹر فائنل میں برطانیہ اور پھر آئرلینڈ جیسی کمزور ٹیم سے شکست کے بعد اولمپکس گیمز کے لیے کوالیفائی نہیں کر سکی۔ پاکستانی ٹیم جو ہاکی کی دنیا کی بہترین ٹیم رہی ہے' اس کا اولمپکس سے باہر ہونا قوم کے لیے انتہائی دکھ اور مایوسی کا باعث ہے۔ پاکستان نے 4 ورلڈ کپ اور 3 اولمپکس جیتے ہیں'دنیا کی دیگر ٹیمیں پاکستان سے کھیلتے وقت گھبراتی تھیں۔ صرف بھارت، ہالینڈ، جرمنی اور آسٹریلیا کی ٹیمیں ہی پاکستان کے ساتھ جم کر مقابلہ کرتی تھیں لیکن اب حالت یہ ہے کہ ہماری ٹیم آئرلینڈ سے بھی ہار جاتی ہے۔ گزشتہ سال پاکستان ورلڈ کپ سے بھی باہر رہا اور اب اولمپکس سے بھی باہر ہو گیا ہے' گو اس دوران پاکستان نے ایشیا کپ اور چیمپئنز ٹرافی میں اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا لیکن ورلڈ ہاکی لیگ میں اس کی کارکردگی انتہائی ناقص رہی ہے۔

وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے ورلڈ ہاکی لیگ میں قومی ہاکی ٹیم کی ناقص کارکردگی پر وزارت بین الصوبائی رابطہ اور پاکستان ہاکی فیڈریشن سے رپورٹ طلب کر لی ہے اور وضاحت مانگی ہے۔ وزیراعظم ہاکی کے پیٹرن انچیف ہیں۔ وزارت بین الصوبائی رابطہ نے اس ضمن میں چھ رکنی خصوصی کمیٹی بنا دی ہے جو سات دن کے اندر رپورٹ تیار کر کے وزیراعظم ہاؤس ارسال کرے گی۔ پاکستان ہاکی خاصے عرصے سے زوال پذیر چلی آ رہی ہے لیکن اب یہ زوال کی سب سے نچلی سطح تک پہنچ چکی ہے۔ اس دوران کسی نے ہاکی کو بہتر کرنے کی سنجیدہ کوششیں نہیں کیں جس کا نتیجہ اب سب کے سامنے آ گیا ہے۔

ہاکی کے کھیل کے زوال کی وجہ یہ ہے کہ اس کے کھلاڑیوں کو اس کھیل میں مالی فوائد نظر نہیں آتے جب کہ کرکٹ کے کھلاڑیوں کے معاوضے بھی زیادہ ہیں' انھیں اشتہارات میں بھی لیا جاتا ہے اور کرکٹ کمرشل ہو گیا ہے۔ ہاکی اسٹیڈیم کی حالت زیادہ اچھی نہیں ہے۔ کھلاڑیوں کو سہولتیں کم ہیں' ہاکی میں اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرنے کے لیے ضروری ہے کہ ہاکی کے کھیل کو تجارتی بنیادوں پر کھیلا جائے۔ کھلاڑیوں کے آسٹریلیا' انگلینڈ' ہالینڈ اور جرمنی کے ساتھ ہاکی میچوں کی سیریز کھیلیں' ہاکی کے کھلاڑیوں کا معاوضہ زیادہ ہونا چاہیے۔ بہرحال بیلجیئم میں ورلڈ ہاکی لیگ میں شکست کی انکوائری ہونی چاہیے اور اصل وجوہات قوم کے سامنے آنی چاہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں