بھیڑیں مضرصحت قرار دینے والوں کیخلاف کارروائی کا مطالبہ

منفی پروپیگنڈے کے باعث 10کروڑ کا نقصان پہنچا، قانونی کارروائی کرینگے، طارق بٹ


Business Reporter October 16, 2012
اسکیبی ماؤتھ بیماری تصور نہیں کی جاتی، لائیواسٹاک کے ڈاکٹروں نے اینتھرکس پر زور دیا۔ پی پی آئی/ فائل

برطانوی لیبارٹری پیر برائٹ کی جانب سے آسٹریلوی بھیڑوں کی مہلک بیماریوں سے پاک اور انسانی غذائی استعمال کیلئے مکمل طورپر فٹ قرار دیے جانے کی رپورٹ کے بعد 2مقامی لیبارٹریوں کی سہولتیں اور ویٹرنری ڈاکٹرز کی صلاحیتوں کے بارے میں شکوک وشبہات پیدا ہوگئے ہیں۔

آسٹریلین بھیڑوں کی درآمدکنندہ کمپنی پی کے لائیواسٹاک کے منیجنگ ڈائریکٹر طارق بٹ نے پیر کو صحافیوں سے بات چیت کے دوران حکومت سے مطالبہ کیا کہ سرکاری عہدوں کا ناجائز فائدہ اٹھانے والوں کیخلاف تادیبی کارروائی کی جائے، انھوں نے نہ صرف ملکی ساکھ کونقصان پہنچانے کی کوشش کی بلکہ دنیا بھر میں پاکستان کوسرمایہ کاری کیلیے ایک ناقابلِ اعتبار اور خطرناک ملک کے طورپر پیش کیا۔ غلط پروپیگنڈے کی وجہ سے انھیں10 کروڑ روپے سے زائد نقصان پہنچا، وہ ذمے داروںکے خلاف قانونی کاروائی شروع کریں گے۔ انھوں نے پاکستان کی عدلیہ پرمکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ پاکستانی میڈیا بھی ایسے سازشی عناصر کو بے نقاب کرے گا۔

منفی اور من گھڑت پروپیگنڈے کے باعث 9.2 ملین ڈالر مالیت کی 2300 آسٹریلین گائے کی درآمدات رک گئی ہیں۔میڈیا کے بعض مخصوص گروپس کی جانب سے آسٹریلین بھیڑوں کے حوالے منفی پروپیگنڈے اور خبروں کی اشاعت کے باوجود عدالت عالیہ نے خالصتا ثبوت اورحقائق کی بنیاد پر فیصلے کیے ہیں جو لائق تحسین امر ہے۔ طارق بٹ نے کہاکہ پولٹری ویکسین لیبارٹری اور ٹنڈو جام کی لیبارٹری کی جعلی من گھڑت رپورٹس کے ذریعے مجرمانہ طورپر ملک کی عزت کو دائو پر لگا دیاگیا اور 9ہزار سے زائد معصوم بھیڑوں کو ڈنڈے، لاٹھیاں اور چاقو مارکر زندہ حالت میں گڑھوں میں دفنادیاگیا۔ اسکیبی مائوتھ کوئی بیماری تصور نہیں کی جاتی لیکن سندھ لائیواسٹاک ڈپارٹمنٹ کے 3 ڈاکٹروں نے اسے خطرناک بیماری ظاہر کیا اور بھیڑوں میں اینتھرکس کی بیماری کی موجودگی پر بھی زور دیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں