پالی کیلے ٹیسٹ میں پاکستان کا جیت کی طرف سفر مزید 147 رنز درکار

پاکستان نے سری لنکا کے 377 رنز کے جواب میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 230 رنزبنا لئے۔


ویب ڈیسک July 06, 2015
اوپننگ بلے باز احمد شہزاد صفر اور اظہرعلی 5 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ فوٹو: اے ایف پی

سری لنکا نے پاکستان کو پالی کیلے ٹیسٹ میں جیت کے لئے 377 رنز کا ہدف دیا ہے جس کے جواب میں قومی ٹیم نے شان مسعود اور یونس خان کی سنچریوں کے بدولت 2 وکٹ کے نقصان پر 230 رنز بنالئے جب کہ ٹیم کو جیت کے لئے مزید 147 رنز درکار ہیں۔

پالی کیلے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ کے چوتھے روزسری لنکا کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں 313 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی جس کے بعد قومی ٹیم کو جیت کے لئے 377 رنزکا ہدف ملا جس کے جواب میں قومی ٹیم نے مایوس کن انداز میں بیٹنگ کا آغاز کیا اور 2 بیٹسمین 13 کے مجموعے پر پویلین لوٹ گئے جس کے بعد اوپننگ بلے باز شان مسعود اوریونس خان نے انتہائی ذمہ دارانہ انداز اپناتے ہوئے لنکن بولرز کی خوب پٹائی کی اور دونوں بلے بازوں نے تیسری وکٹ پر217 رنز کی شراکت قائم کرتے ہوئے اپنی اپنی سنچریاں بھی مکمل کرلی ہیں۔ چوتھے روز کھیل کے اختتام تک شان مسعود 114 اور یونس خان 101 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔ سری لنکا کی جانب سے سرنگا لکمل اوردھمیکا پراساد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل سری لنکا نے چوتھے دن کے کھیل کا آغاز کیا تو کپتان انجیلو میتھیوز 77 اور چندیمل 39 رنزکے ساتھ کریز پر موجود تھے۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان چھٹی وکٹ پر 117 رنز کی شراکت قائم ہوئی تو 278 کے مجموعے پر چندیمل 67 رنز بنانے کے بعد عمران خان کا شکار ہوگئے جب کہ دھمیکا پرساد صفر، تھرندو کشال 8 ، انجیلو میتھیوز122، سورنگا لکمل صفر رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کی جانب سے عمران خان نے 5، راحت علی نے 3، یاسر شاہ 2 اوراحسان عادل نے ایک وکٹ حاصل کی۔

واضح رہے کہ سری لنکا نے اپنی پہلے اننگز میں 278 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں پاکستان کی پوری ٹیم 215 رنز بنا سکی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں