یوٹیوب نے 25 سال قبل بچھڑی جڑواں بہنوں کو ملا دیا

انائس اور سمانتھا پیدائش کے فوراً بعد فرانس اور امریکہ منتقل ہوگئی تھیں جس کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی۔

سمانتھا اور انائس کو اپنے حقیقی والدین کا معلوم نہ ہوسکا لیکن دونوں اب بہت خوش ہیں۔ فائل تصویر

KARACHI:
انائس بورڈیئر اور سمانتھا فٹرمین ہم شکل جڑواں بہنیں ہیں جنہیں ابتدائی دنوں میں ہی دو مختلف خاندانوں نے گود لے لیا تھا اور 25 سال بعد وہ یوٹیوب کے ذریعے دوبارہ مل گئی ہیں۔

دونوں بہنیں ایک دوسرے سے لاعلم تھیں لیکن اس کے باوجود دونوں کے بالوں کے انداز اور پسندیدہ نیل پولش یکساں ہیں جب کہ دونوں کو ابلی ہوئی گاجریں ناپسند ہیں۔ انائس کی پرورش فرانس اور اعلیٰ تعلیم لندن میں ہوئی، اس نے یوٹیوب پر ایک فلم کے ٹریلر میں ایک کردار کو دیکھا جو ہوبہو ان جیسی تھی۔ اس کے بعد معلوم ہوا کہ اس لڑکی کا نام سمانتھا ہے اور امریکہ میں ایک ابھرتی ہوئی اداکارہ ہے۔

 


ایک ماہ کی تلاش کے بعد انائس نے فیس بک پر سمانتھا کو ایک پیغام بھیجا اور دونوں کے درمیان کچھ تصاویر کا تبادلہ ہوا جس سے ان دونوں کی یکسانیت اور واضح ہوئی۔ الگ الگ برِاعظم میں رہنے کے باوجود دونوں ایک جگہ ملیں اور ڈی این اے ٹٰیسٹ کرایا گیا تو وہ حیرت انگیز طور پر مماثل تھا۔



مزید تحقیقات پر معلوم ہوا کہ دونوں 19 نومبر1987 کو کوریا کے شہر سیئول میں پیدا ہوئیں اور انائس کو فرانس بھیج دیا گیا جب کہ سمانتھا کو ایک بے اولاد امریکی جوڑے کے حوالے کردیا گیا۔ بہت کوششوں کے باوجود ان کےحقیقی والدین کا پتا نہیں چل سکا لیکن دونوں بہنیں اب بہت خوش ہیں۔ ان کی زندگی پر ایک دستاویزی فلم اور کئی مضامین تحریر کئے جاچکے ہیں۔
Load Next Story