سیف اور کرینہ آج ایک دوجے کے ہوجائیں گے

میڈیا کی نظروں سے دورسنگیت تقریب میں فیشن، خوبصورتی اور ستاروں کامیلہ


Express Desk October 16, 2012
تقریبات کا پہلا مرحلہ ممبئی پھر پٹودی میں جشن ہوگا،بھارتی صدر بھی مدعوہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

بالی وڈاداکار سیف علی خان اورکرینہ کپورکی شادی کی تقریبات شروع ہوگئی ہیں،جن میں فلمی صنعت کی بڑی بڑی ہستیاں شریک ہو رہی ہیں۔

اتوار کی شب دونوں کی شادی کی سنگیت تقریب کرینہ کپور کی باندرہ میں واقع رہائش گاہ پر ہوئی۔جو تصاویر منظر عام پر آئیں ، انھیں دیکھ کر لگتاہے ،وہ فیشن،خوبصورتی اورفلمی ستاروں کا میلہ تھا۔تقریب میں نیتوسنگھ، ببیتا، ملائیکہ اروڑہ خان،کرن جوہر اور تشارکپورجیسی جانی مانی ہستیاں موجود تھیں۔اطلاعات کے مطابق شادی آج ہوگی ،جس کے بعدسیف اورکرینہ ہمیشہ کیلیے ایک دوجے کیلیے ہوجائیںگے،تقریبات کوذاتی معاملہ بتا کرمیڈیا کی نظروں سے دور رکھا گیا ہے۔شادی کی تیاریاں سیف کی بہن اداکارہ سوہاٰ علی اور صبا علی خان کر رہی ہیں جبکہ دہلی اور ممبئی دونوں جگہوں پر جشن کا اہتمام کیا گیا ہے۔

تقریبات کا پہلا مرحلہ ممبئی میں ہوگا اور اس کے بعد دہلی سے متصل سیف کے آبائی قصبہ پٹودی میں جشن ہوگا۔سیف علی خان کے والد نواب منصور علی خان پٹودی کے نواب تھے جہاں ان کی بڑی حویلی اب فائیو اسٹار ہوٹل کے طور پر مشہور ہے۔سیف علی خان کی ماں شرمیلا ٹیگور نے ولیمے کیلیے بھارتی صدر پرنب مکھرجی کو بھی دعوت بھیجی ہے۔کرینہ کپور کی شادی کے ملبوسات منیش ملہوترا نے ڈیزائن کیے ہیں۔سیف علی خان کی یہ دوسری شادی ہے،ان کی پہلی شادی اداکارہ امرتا سنگھ سے ہوئی، جو چند برس پہلے ٹوٹ گئی تھی۔امرتا سنگھ سے ان کی ایک بیٹی اور ایک بیٹا ہے۔ سنگیت کی تقریب میں سیف کی بہن سوہا اور صبا کے ساتھ ان کی بیٹی سارہ علی خان بھی موجود تھیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔