بلّی واپس نہ کی تو داعش میں شامل ہوجاؤں گا

اس دھمکی کا نتیجہ ایرک کو گرفتاری کی صورت بھگتنا پڑا


عبدالریحان July 07, 2015
اس نے غصے میں کونسل کے دفتر فون کیا، اور اہل کاروں سے کہا کہ اس کی بلّی واپس کریں۔ ۔ فوٹو : فائل

لاہور: دولت اسلامیہ یا داعش جہاں مغربی ممالک کے لیے خطرہ بن چکی ہے، وہیں ان ممالک کے شہری اس تنظیم میں شمولیت اختیار کررہے ہیں۔ امریکا، برطانیہ اور یورپی حکومتوں کی اپنے شہریوں کو داعش سے دور رکھنے کی تمام تر کوششوں کے باوجود ان ملکوں کے شہریوں کی داعش میں شمولیت کے لیے شام پہنچنے کی خبریں، آئے روز ذرائع ابلاغ کی زینت بنتی ہیں۔ اس طرح مغربی ممالک میں داعش دہشت کی علامت بن چکی ہے۔ امریکا میں اب تک ایسے کئی واقعات سامنے آچکے ہیں جن میں شہریوں نے حکومتی اداروںکو دھمکی دی کہ اگر ان کا فلاں کام نہ کیا گیا تو وہ داعش میں شامل ہوجائیں گے۔

اس سلسلے کی تازہ اور انوکھی مثال چند روز قبل ریاست نیبراسکا کے شہر اوماہا میں سامنے آئی، جہاں ایک شخص نے مقامی کونسل کو دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ اگر اس کی بلّی واپس نہ کی گئی تو وہ داعش میں شمولیت اختیار کرلے گا اور پھر ان سے بدلہ لے گا،قصہ یہ ہے کہ 45 سالہ ایرک رائٹ نے بلّی پال رکھی تھی، مگر وہ اس کی دیکھ بھال نہیں کرتا تھا۔ نبراسکا ہیومین سوسائٹی کے اہل کاروں نے اسے دو بار تنبیہہ بھی کی کہ وہ پالتو بلّی کا خیال رکھنے میں کسی طرح کی کوتاہی نہ کرے، مگر ایرک نے ان کی بات کو اہمیت نہیں دی۔ دو ماہ قبل وہ بلّی کو اپارٹمنٹ میں بند کرکے کئی روز کے لیے شہر سے باہر چلا گیا۔ بلّی کی مسلسل ' میاؤں میاؤں' پر اگلے روز پڑوسیوں نے کونسل کو فون کیا۔ کونسل کے اہل کار پولیس کی ہمراہی میں آئے اور تالا توڑ کر بلّی کو لے گئے۔

تین روز کے بعد گھر واپسی پر ایرک کو اس ' واردات' کا علم ہوا۔ اس نے غصے میں کونسل کے دفتر فون کیا، اور اہل کاروں سے کہا کہ اس کی بلّی واپس کریں۔ جواباً اسے کہا گیا بلّی اس کے حوالے نہیں کی جائے گی بلکہ پالتو جانور کے ساتھ ناروا سلوک کرنے پر اس کی خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔ یہ سُن کر ایرک آپے سے باہر ہوگیا اور مغلظات بکنے لگا۔ پھر اس نے دھمکی دی کہ اگر بلّی اس کے حوالے نہ کی گئی تو وہ داعش میں شامل ہوجائے گا اور کونسل کی اینٹ سے اینٹ بجا دے گا۔

اس دھمکی کا نتیجہ ایرک کو گرفتاری کی صورت بھگتنا پڑا۔ پولیس نے اسے کونسل کو دھمکانے اور پالتو جانور کے ساتھ ناروا سلوک کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا تھا۔ ایرک کے خلاف ان ہی دو الزامات کے تحت مقدمہ چل رہا ہے۔ قانونی ماہرین کے مطابق اسے پانچ سال کی سزا ہوسکتی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں