سربراہ پاکستانی یا صرف پاکستانی قومی اسمبلی میں ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی بل پر اتفاق رائے نہ ہو سکا

اتھارٹی کے سربراہ کیلیے لفظ ’’صرف پاکستانی‘‘ہوناچاہیے،ن لیگی ارکان،دوباتیںنہ لائی جائیں،خورشیدشاہ

اتھارٹی کے سربراہ کیلیے لفظ ’’صرف پاکستانی‘‘ہوناچاہیے،ن لیگی ارکان،دوباتیںنہ لائی جائیں،خورشیدشاہ فوٹو: فائل

قومی اسمبلی میں پاکستان ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کے بل پر اتفاق رائے نہ ہوسکا ،کورم ٹوٹنے پر اجلاس آج منگل کی صبح دس بجے تک ملتوی کردیا گیا۔

پیر کو ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی بل پر بحث کے دوران مسودے میں اتھارٹی کے سربراہ کیلئے لفظ ''پاکستانی'' درج تھا جبکہ (ن) لیگ کا موقف تھا کہ اسکی جگہ لفظ ''صرف پاکستانی'' ہونا چاہیے تاکہ دہری شہریت رکھنے والا پاکستانی اتھارٹی کا سربراہ نہ بن سکے ، بل پر ابھی اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوشش جاری تھی کہ (ن) لیگ کی بیگم عشرت اشرف نے کورم کی نشاندہی کردی، اس پروفاقی وزیر سید خورشید شاہ نے ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ اچھی روایت نہیں ، ہم بل پر اپوزیشن سے اتفاق رائے چاہتے ہیں، اپوزیشن کے ارکان ایوان سے نہ جائیں ، اس پر (ن) لیگ کے خواجہ آصف نے کہا کہ ہم ایوان سے نہیں جائیں گے تاہم اس کے باوجود (ن) لیگ کے چند ارکان لابی میں چلے گئے ، کورم پورا نہ ہونے پر ڈپٹی سپیکر فیصل کریم کنڈی نے اجلاس آج منگل کی صبح دس بجے تک ملتوی کردیا۔


قبل ازیں بل پر بحث کرتے ہوئے وفاقی وزیر سید خورشید شاہ نے بل پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ''کوئی پاکستانی'' سے مراد ''صرف پاکستانی'' ہے، لفظ پاکستانی میں دوباتیں نہ لائی جائیں ، ہمیں بیرون ممالک رہنے والے اپنے شہریوں کو عزت دینا ہوگی، اس ملک میں ایسے وزرائے اعظم بھی آئے جن کے شناختی کارڈ ایئرپورٹ پر بیٹھ کر بنائے گئے ، دہری شہریت کے حوالے سے سینیٹ میں بل زیر غور ہے ، ججوں اور بیوروکریٹس کی دہری شہریت کا معاملہ بھی پارلیمنٹ میں لایاجائے۔

ایم کیو ایم کے ایس اے اقبال قادری نے کہاکہ دستور میں کہیں نہیں لکھا کہ صرف پاکستانی بلکہ پاکستانی کا لفظ لکھا ہے۔ (ن) لیگ کے خواجہ آصف نے کہاکہ ایسا بل لائیں کہ دہری شہریت والا کوئی شخص فوج، بیوروکریسی اور عدلیہ میں نہیں ہوگا ۔ ثناء نیوز کے مطابق بل پر دوبڑی جماعتوں کے مابین اختلافات اس وقت پیدا ہوئے جب ایم کیو ایم کے رکن ایس اے اقبال قادری نے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کے سربراہ کیلئے ''صرف پاکستانی'' کے الفاظ تبدیل کرنے کی ترمیم پیش کی، آن لائن کے مطابق گوشوارے جمع نہ کرانے پر الیکشن کمیشن کی جانب سے رکنیت معطلی کے باوجود متعدد ارکان نے اجلاس میں شرکت کی۔ دریں اثناء وقفہ سوالات کے دوران وفاقی وزیر ارباب عالمگیر نے ایوان کو بتایا کہ نیٹو کنٹیرز کی آمد روفت کے باعث ملک کو ایک کھرب روپے کا نقصان اٹھانا پڑا ہے ۔
Load Next Story