رمضان کی رحمتیںبرکتیں اورفنکاروں کی مصروفیات

ماہ رمضان کی رحمتوں اور برکتوںکا خوبصورت نظارہ ہمیں سحر اورافطارکے وقت دکھائی دیتاہے،شاہدہ منی


Qaiser Iftikhar July 07, 2015
شاہدہ منی، حمیراارشد، صومیہ خان، علی حیدر، سکندراورامجدصابری کی ’’ایکسپریس‘‘سے گفتگو ۔ فوٹو : فائل

رمضان کا بابرکت مہینہ امت مسلمہ کیلئے بہت سی نعمتیں اوربرکتیں لے کرآتا ہے۔ اس مبارک مہینہ میں ہرطرف اللہ پاک کی طرف سی دی گئی نعمتوں کا شکریہ اداکرنے کیلئے لوگ عبادت اور ذکراذکار میں مشغول دکھائی دیتے ہیں۔دنیا بھرکے مسلمان اس اہم فریضہ کی ادائیگی کیلئے سحر اورافطارکے موقع پر دسترخوان سجاتے ہیں۔ ایک دوسرے کو سحر اور افطار کے وقت دعوت دی جاتی ہے۔ یہ سماں واقعی ہی دنیا بھرمیں صرف اورصرف ہمارے مذہب دین اسلام میں ہی دکھائی دیتا ہے۔

اس ماہ مبارک میں جہاں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد اپنی سرگرمیاں محدود کرتے ہوئے اپنی تمام ترتوجہ اللہ کے حضورسجدہ ریز ہوکر عبادت کرتے ہوئے نعمتیں سمیٹنے میں لگا دیتے ہیں، وہیں شوبزکے شعبے سے وابستہ فنکار، گلوکاراور تکنیک کاربھی اپنی سرگرمیاں محدود کرکے عبادت کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ افطاریوں کا سلسلہ توجاری رہتا ہے لیکن اس کے ساتھ ساتھ ہمارے بہت سے معروف گلوکارماہ رمضان کی مناسبت سے حمد، نعت اورماہ رمضان کی فضیلت پرمبنی کلام کوریکارڈ کرکے اپنے خصوصی البم ریلیزکرتے ہیں۔

کچھ گلوکارتواپنے آڈیوالبمزکی ویڈیو بھی تیارکرتے ہیں، جوماہ رمضان میں سرکاری اورنجی چینلز پرآن ائیررہتی ہیں۔ یہی نہیں ٹی وی چینلز پرجاری خصوصی رمضان نشریات بھی اس حوالے سے معروف گلوکاروں سے سجی دکھائی دیتی ہے۔ گزشتہ چند برسوں کے دوران تویہ رجحان بہت ہی مقبول ہوا ہے کہ جیسے پہلے صرف ہمارے ملک کے معروف ثناء خواں ماہ رمضان کے موقع پراپنے البم ریکارڈ کرتے تھے، اب ہمارے ملک کے معروف گلوکاربھی البم ریکارڈ کرتے ہیں بلکہ ان کے ویڈیوز کے لئے خوبصورت مقامات کا انتخاب بھی کرتے ہیں۔



اس مرتبہ ماہ رمضان کی مناسبت سے صدارتی ایوارڈ یافتہ گلوکارہ شاہدہ منی، حمیراارشد، علی حیدر، صومیہ خان ، سکندرمیانداد اور امجد صابری سمیت بہت سے معروف نعت خواں حضرات نے بھی خصوصی البم ریلیزکئے ہیں جن کوبہت پسندکیا جا رہا ہے۔

ماہ رمضان کی مناسبت سے خصوصی البم کے حوالے سے '' ایکسپریس '' سے گفتگوکرتے ہوئے گلوکارہ شاہدہ منی نے کہا کہ ماہ رمضان کی رحمتوں اور برکتوںکا خوبصورت نظارہ ہمیں سحر اورافطارکے وقت دکھائی دیتاہے۔ اسی مناسبت سے میں نے پانچ کلام ریکارڈ کئے ہیں جن کی آڈیو کے ساتھ ساتھ لاہورمیں واقع ایک خوبصورت ہاؤسنگ سوسائٹی کی مسجدمیں ویڈیو بھی تیارکئے گئے ہیں۔

میں نے جہاں کلام کا انتخاب بہت سوچ سمجھ کرکیا ہے ، وہیں ان کی دھن کو بھی خاص اس انداز سے تیارکروایا گیا ہے کہ حمد اورنعتیہ کلام کا تقدس برقرار رہے۔ میں اورمیری پوری ٹیم نے اس پراجیکٹ کیلئے خاص تیاری کی تھی بلکہ ہم نے اس کے ویڈیو تیارکرنے کیلئے مختصردورانیہ میں اپنا کام مکمل کیا ۔ انہوں نے بتایاکہ اس البم کومقامی میوزک کمپنی نے ریلیز کیاہے بلکہ اس کوبھارت اوردنیا کے بیشترممالک میں بھی ریلیز کیا جارہا ہے۔ جہاں تک اس کی پاکستان میں لانچنگ کی بات ہے توآج اس سلسلہ میں تقریب کا انعقاد کیا جائے گا۔



گلوکارہ حمیرا ارشد نے کہا کہ بطورگلوکارہ سال بھرملک اوربیرون ممالک ہونے والے پروگراموں میں پرفارم کرنے کا سلسلہ توجاری رہتا ہے لیکن ماہ رمضان کی مناسبت سے حمد، نعت اوررمضان کی فضیلت پرمبنی کلام ریکارڈ کرنے کا مقصد صرف اور صرف اللہ کی خوشنودی حاصل کرنا ہے۔ اللہ پاک کی خاص کرم نوازی سے جومقام، دولت ، شہرت مجھے نصیب ہوئی ہے اس پرجتنا بھی شکر ادا کروں وہ کم ہے لیکن یہ پراجیکٹ صرف اورصرف امت مسلمہ کوقریب لانے کیلئے تیار کیا تھا اوراس کا ملنے والا رسپانس لفظوں میں بیان نہیں کرسکتی۔ یہ ماہ رمضان کی برکتیں ہی ہیں کہ لوگوں نے میرے کام کوسراہا ہے۔



گلوکارہ صومیہ خان نے کہا کہ رمضان المبارک کا مہینہ اللہ پاک کی طرف سے مسلمانوں پرفرض کیا گیا ہے۔ اس مہینے کی برکتیں ہی توہیں کہ دنیا بھر میں ذکرالٰہی کی صدائیں سنائی دیتی ہیں۔ جہاں تک بات میرے نعتیہ البم کی ہے تومیں نے اپنی ڈیوٹی سمجھتے ہوئے اس البم پرکام کیا تھا اوراس کے وڈیوزکوسوشل میڈیا پربہت سراہا گیا ہے۔ یوٹیوب، فیس بک سمیت دیگرسوشل ویب سائٹس پرنعتیہ کلام کودیکھا اورسنا جارہا ہے۔ میرا مقصد لوگوںتک اس بابرکت مہینہ کی فضیلت کے پیغام کوپہنچانا تھا اوراس سلسلہ کوہمیشہ جاری رکھوں گی۔



گلوکارعلی حیدرنے کہا کہ ماہ صیام رحمتوں کا مہینہ ہے۔ اللہ پاک نے اسی مہینہ میں قرآن پاک کومکمل کیا جودنیا بھرکیلئے زندگی گزارنے کا بہترین نسخہ بھی ہے۔ جہاں تک بات ماہ رمضان کے تیارکردہ خصوصی کلام کی ہے تواس کوبڑی محنت، عقید ت اوراحترام کے ساتھ مکمل کیا ہے۔ کلام کا انتخاب، دھن اورسازوں کا استعمال اس اعتبارسے کیا گیا ہے کہ جب لوگ اس کوسنیں اوردیکھیں تووہ اللہ تعالیٰ کی ذات کے اوربھی قریب آجائیں۔

معروف قوال سکندرمیانداد نے کہا کہ میراخاندان گزشتہ چھ سو برس سے فن قوالی سے وابستہ ہے۔ سال بھرملک اوربیرون ممالک میں محافل کا انعقاد ہوتا رہتا ہے لیکن ایک بات جو سب سے اچھی ہے اوروہ یہ ہے کہ ہم محفل سماع کا آغاز حمد اورنعتیہ کلام کے بغیر کبھی نہیں کرتے۔ اب توویسے بھی ماہ رمضان کا بابرکت مہینہ ہے ، جس میں قرآن پاک اتارا گیا اوراس کی فضیلت اوربرکت سے امت مسلمہ توواقف ہے ہی مگر ہمارے پڑوسی ملک بھارت سمیت دنیا بھرمیں بسنے والے مختلف مذاہب کے لوگ بھی اس کا احترام کرتے ہیں۔ میری اللہ پاک سے دعا ہے کہ وہ اس بابرکت مہینہ کے صدقے ہمارے ملک اورلوگوں پراپنا کرم وفضل فرمائیں تاکہ ہمارے مسائل کم ہوں اورہم اس آزاد مسلم ریاست میں ہنسی خوشی زندگی بسرکرسکیں۔



بین الاقوامی شہرت یافتہ قوال امجد صابری نے کہا کہ اسلام کے پانچ ارکان ہیں، جن میں سے ایک روزہ بھی ہے۔ اسی لئے جب ماہ رمضان کا آغاز ہوتا ہے توپھرسحر اورافطارکے دسترخوان سجنے کا سلسلہ جاری رہتاہے۔ خصوصی محافل کا انعقاد ہوتا ہے جہاں پر حاضری کیلئے جاتاہوں توہدیہ عقیدت پیش کرتا ہوں۔ جہاں تک بات ماہ رمضان میں البم ریکارڈ کرنے کی ہے تووہ معمول کا سلسلہ ہے۔ مگرماہ رمضان کی خصوصی نشریات میں شرکت اوراپنے چاہنے والوں تک رمضان کی اہمیت اورفضیلت کا پیغام پہنچانا میری اولین ترجیح ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں