خطے سے امریکی انخلا تمام مسائل کا حل ہے ایرانی قونصلر جنرل

عرب ممالک تیل بند کردیں تو امریکی تھانیداری ختم، اسرائیل کا وجود بھی خطرے میں پڑ جائیگا

گیس معاہدے کے تحت اپنا کام مکمل کرلیا ہے ، حسن درویش کا ایکسپریس دفاتر کا دورہ،گفتگو. فوٹو: فائل

پشاور میں تعینات ایرانی قونصلر جنرل حسن درویش وند نے کہا ہے کہ افغان مسئلے اور خطے میں دہشتگردی کا واحد حل خطے سے امریکی انخلا ہے۔


امریکہ کی مثال بزرگ شیطان کی ہے، ایران ہر اس مسلم ملک سے شاکی ہے جس نے امریکا کو اڈے فراہم کئے ہیں، آج اگر عرب ممالک امریکا کو تیل کی سپلائی بند کردیں تو نہ صرف امریکا کی تھانیداری ختم ہوجائے گی بلکہ اسرائیل کا وجود بھی خطرے میں پڑ جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایکسپریس میڈیا گروپ کے دفاتر کے خصوصی دورے کے موقع پر ''ایکسپریس'' سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

حسن درویش وند نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے مثالی سیاسی تعلقات قائم ہیں تاہم یہ دوستی دوسرے شعبوں تک بھی بڑھانی ہوگی۔ میڈیا کو بھی دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انھوں نے بتایا کہ ایران میں 5 ہزار میگاواٹ بجلی اپنی ضروریات سے زیادہ ہے ہم پاکستان کو بجلی دینے کو بھی تیار ہیں۔ انھوں نے کہا کہ پاک ایران گیس پائپ لائن معاہدے کے تحت ایران نے اپنے حصے کا کام پاکستانی سرحد تک مکمل کررکھا ہے۔ انھوں نے کہا کہ جو محبت اور مہمان نوازی پشاور میں ہے کہیں اور اس کی مثال نہیں ملتی۔
Load Next Story