یوم علی ؓ پر سیکیورٹی سخترینجرز اہلکارمرکزی جلوس کی نگرانی کرینگے

ہیلی کاپٹرکے ذریعے جلوس کی نگرانی کی جائیگی،سراغ رسال کتوں کی مدد سے راستوں کوچیک کیاجائیگا


Staff Reporter July 07, 2015
یوم علیؓ پر سیکیورٹی انتظامات کیلیے ایم اے جناح روڈ پرکنٹینر لاکر رکھ دیے گئے ہیں(فوٹو ایکسپریس)

رینجرز اورپولیس نے سندھ بھر میں یوم علیؓ کے موقع پر سیکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دیدی ، یوم علی ؓپر رینجرز اور پولیس کو ہائی الرٹ رکھا جائے گا۔

رینجرز اہلکار کراچی میں مرکزی جلوس کی نگرانی کریں گے جبکہ مرکزی جلوس کی فضائی نگرانی بھی کی جائے گی ، ترجمان سندھ رینجرز کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ڈائریکٹر جنرل رینجرز سندھ میجر جنرل بلال اکبر کی زیر صدارت رینجرز ہیڈ کوارٹرز میں اہم اجلاس منعقد ہوا ، اجلاس میں یوم علیؓ کے موقع پر سیکیورٹی کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا تاکہ کسی بھی ممکنہ دہشت گردی کے خطرے سے موثر طریقے سے نمٹا جا سکے، اجلاس میں بتایا گیا ہے کہ پولیس اور رینجرز نے مشترکہ طور پر یوم علی ؓ کے حوالے سے امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانے کے لیے سیکیورٹی انتطامات کو حتمی شکل دی ہے ، سندھ رینجرز اور پولیس کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے ۔

رینجرز اور پولیس نے تمام بڑے شہروں میں اسنیپ چیکنگ شروع کردی ہے ، یوم علی ؓ کے موقع پر رینجرز کی بھاری نفری کراچی میں مرکزی جلوسوں کی نگرانی کرے گی اس کے ساتھ ساتھ ہیلی کاپٹر کے ذریعے جلوس کی فضائی نگرانی بھی کی جائے گی اور رینجرز کے سراغ رسال کتوں کی مدد سے جلوس کے راستوں کو چیک کیا جائے گا ، اس کے علاوہ جلوسوں کے گزرنے والے راستوں پر واقع بلند عمارتوں پر رینجرز اور پولیس کے اسنائپر تعینات کیے جائیں گے جو کہ شر پسندوں پر کڑی نظر رکھیں گے ۔

جلوس کی گزرگاہ میں آنے والے راستوں کو مکمل سیل کیا جائے گا، نیشنل ہائی وے اور انڈس ہائی وے پر رینجرز اور پولیس کا گشت بڑھا دیا گیا ہے اس کے علاوہ بین و الصوبائی چیک پوسٹوں پر بھی چیکنگ بڑھادی گئی ہے تاکہ شر پسندوں عناصر اپنے مذموم ارادوں میں کامیاب نہ ہو سکیں ، اس موقع پر علمائے کرام سے پر زور اپیل کی گئی ہے کہ وہ مذہبی فرقہ واریت کے خاتمے اور شہر میں امن و امان قائم کرنے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مدد کریں اور عوام میں اخوت و بھائی چارے کا درس اجا گر کریں اور یوم علیؓ کے موقع پر امن امان برقرار رکھنے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ ساتھ بھرپور تعاون کریں تاکہ کوئی نا خوشگوار واقعہ رونما نہ ہوسکے ۔

اجلاس میں آئی جی سندھ غلام حیدر کالونی ، ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام قادر تھیبو، زونل ڈی آئی جیز ، ڈی آئی جی ٹریفک ، اسپیشل برانچ ، ڈائریکٹر آئی بی اور اس کے علاوہ رینجرز کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں