رینجرز کے خصوصی اختیارات میں توسیع کا کوئی فیصلہ نہیں کیا وزیراعلیٰ سندھ

دہشت گردی کے خاتمے کے لئے رینجرز کے اختیارات کی مدت میں توسیع کے لئے صلاح مشورے کررہے ہیں، وزیر اعلیٰ سندھ


ویب ڈیسک July 07, 2015
سانحہ صفورا میں ملوث ملزمان کو بے نقاب کرنے میں پولیس کا کردارقابل تعریف ہے،قائم علی شاہ فوٹو: فائل

وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ حکومت نے رینجرز کے خصوصی اختیارات میں توسیع کاکوئی فیصلہ نہیں کیا اس سلسلے میں قانونی ماہرین سے مشورے کے بعد صوبائی اسمبلی سےرجوع کریں گے۔

کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے رینجرز کے اختیارات کی مدت میں توسیع کے لئے صلاح مشورے کررہے ہیں، قانونی ماہرین سے مشورے کے بعد اسمبلی سےرجوع کریں گے تاہم صوبائی حکومت نے رینجرز کے خصوصی اختیارات کی مدت میں توسیع کا کوئی فیصلہ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ صفورا میں ملوث ملزمان کو بے نقاب کرنے میں پولیس کا کردارقابل تعریف ہے، ملزمان اعلٰی تعلیم یافتہ ہیں، پولیس نے ثبوت فراہم کردیئے اب سزا دینا عدالتوں کا کام ہے۔

قائم علی شاہ نے کہا کہ کراچی کی آبادی تیزی سے بڑھ رہی ہے ، لوگوں کی آمد کا سلسلہ اسی طرح جاری رہا تو حکومت کے لئے بنیادی سہولیات کی فراہمی بھی مشکل ہوجائے گی، کراچی میں غیر قانونی طور پر لوگوں کی آمد کا سلسلہ روکنے کے اقدامات کررہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بجلی کی فراہمی بڑا مسئلہ بنا ہوا ہے جب کہ اس کی فراہمی وفاق کا کام ہے، اگر ہم نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے خلاف ایکشن لیا تو مرکزی حکومت شور مچائے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں