برطانیہ میں گیند لگنے سے بلے باز جان کی بازی ہار گیا

باؤلر کا تیز رفتار باؤنسر پیتھ مناتھن کے سینے پر آلگا جس کےباعث وہ وکٹ پر بے ہوش ہو کر گر پڑے

گزشتہ سال آسٹریلوی بلے باز فلپ ہیوجز اور بھارتی بیٹسمی اینکت کشری سر پر بال لگنے سے جاں بحق ہوگئے تھے۔

گزشتہ کچھ عرصے سے کرکٹ بال کھلاڑیوں کی دشمن بن گئی ہے اور اس نے کئی کھلاڑیوں کے زندگیوں کے چراغ گل کردیئے ہیں جب کہ ابھی فلپ ہیوجز کی موت کی گونج کچھ کم نہیں ہوئی تھی کہ ایسا ہی ایک اور تازہ واقعہ لندن میں پیش آگیا جہاں ڈومیسٹک کرکٹ کا بلے باز باؤنسر سے بچنے کی کوشش میں سینے پر گیند کھا بیٹھا جو اس کی موت کا سبب بن گئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق لندن میں برٹش تامل لیگ کا میچ مانی پے پاریش اسپورٹس کلب کے میدان پر جاری تھا جس میں بیٹنگ کرنے والی ٹیم کے بلے باز بوالان پیتھ مناتھن نے بولر کی تیز رفتار باؤنسر سے بچنے کی کوشش کی لیکن اس دوران گیند ان کے سینے پر جا لگی جس کے باعث وہ بے ہوش ہوگئے جب کہ انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہوسکے۔


سرے کرکٹ کے چیف ایگزیکٹو رچرڈ گاؤلڈ نے بوالان پیتھ مناتھن کی موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کلب کا ہر شخص کھلاڑی کی موت پر غمزدہ اور اس کے خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بیٹنگ کے دوران بیٹسمین کی سیفٹی ایک اہم مسئلہ ہے اور اس پر مزید بحث کی ضرورت ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال آسٹریلوی بلے باز فلپ ہیوجز اور بھارتی بیٹسمی اینکت کشری سر پر بال لگنے سے جاں بحق ہوگئے تھے۔
Load Next Story