3 سالہ تجارتی پالیسی تیاررواں مالی سال کیلیے برآمدی ہدف 30ارب ڈالر تجویز

پالیسی ملکی مفاد کو مدنظر رکھ کر بنائی گئی، کابینہ سے منظوری کے بعد عید کے فوراً بعد پیش کر دی جائے گی


Khususi Reporter July 08, 2015
تجارتی پالیسی کے ڈرافٹ میں ملکی برآمدات کا مجموعی حجم 3 سال میں 105 ارب ڈالر تک بڑھانے کے اقدامات تجویز کیے گئے ہیں:فوٹو: اے ایف پی/فائل

وفاقی سیکریٹری تجارت نے کہا ہے کہ نئی تجارتی پالیسی عید کے فوراً بعد پیش کی جائے گی، تجارتی پالیسی کے اعلان سے قبل وفاقی کابینہ سے منظوری لی جائے گی۔

گزشتہ روز ''ایکسپریس'' سے گفتگو کے دوران وفاقی سیکریٹری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر نئی تجارتی پالیسی تیار کی گئی ہے جوملک کے بہتر مفاد کو مدنظر رکھ کر بنائی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق وزارت تجارت نے نئی 3سالہ تجارتی پالیسی 2015-18 کے مسودے کو حتمی شکل دے دی ہے، وفاقی کابینہ سے منظوری کے بعد نئی تجارتی پالیسی کا اعلان کر دیا جائے گا، وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر نئی تجارتی پالیسی کا اعلان کریں گے، 3سالہ تجارتی پالیسی میں ملکی برآمدات کا ہدف رواں مالی سال 2015-16 میں 30 ارب ڈالر، سال 2016-17 میں 35 ارب ڈالر اور مالی سال 2017-18 میں برآمدی ہدف 40 ارب ڈالر مقرر کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

تاہم اس کی حتمی منظوری وفاقی کابینہ دے گی۔ وزارت تجارت کے حکام کے مطابق نئی 3 سالہ تجارتی پالیسی اسٹریٹجی فریم ورک کے مسودے کو تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے حتمی شکل دی گئی ہے۔

تجارتی پالیسی کے ڈرافٹ میں ملکی برآمدات کا مجموعی حجم 3 سال میں 105 ارب ڈالر تک بڑھانے کے اقدامات تجویز کیے گئے ہیں، وزیر اعظم نے وزارت تجارت کو برآمدات دگنا کرنے کا ٹاسک دیا ہے جس کا مطلب ہے کہ سال2017-18 میں ملکی برآمدات کا حجم 50 ارب ڈالر رکھا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نئی تجارتی پالیسی کے مسودے میں سرجیکل آلات، فوڈ، فشریز اور دیگر برآمدی شعبوں کے لیے ٹیکس اور ڈیوٹی استثنیٰ دینے کے لیے خصوصی مراعات کا اعلان کیا جائے گا اور ان شعبوں کے لیے خصوصی بجٹ مختص کیا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔