تحریک انصاف نے رینجرز کے اختیارات میں توسیع کیلئے سندھ اسمبلی میں قرارداد جمع کرادی

رینجرز نے شہر کا امن قائم رکھنے میں اہم کردار ادا کیا، خرم شیر زمان

تحریک انصاف رینجرز کی قربانیوں کو ضائع نہیں ہونے دے گی، ممبر صوبائی اسمبلی۔ فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف نے شہر میں رینجرز کے اختیارات میں توسیع کے لئے سندھ اسمبلی میں قرارداد جمع کرادی۔

تحریک انصاف کے ممبر صوبائی اسمبلی خرم شیرزمان کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کراچی میں رینجرز کے اختیارات میں توسیع کے لئے قرارداد جمع کرادی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ رینجرز کو دہشت گردی سے نمٹنے کے لئے اختیارات دیئے گئے، رینجرز نے شہر کا امن قائم رکھنے میں اہم کردار ادا کیا، تحریک انصاف رینجرز کی قربانیوں کو ضائع نہیں ہونے دے گی، اگر ضرورت پڑی تو سڑکوں پر بھی آئیں گے۔


خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت فوری طور پر صوبائی اسمبلی کا اجلاس بلائے اور تمام جماعتیں تحریک انصاف کا ساتھ دیں کیونکہ یہ وہی شہر ہے جہاں پر آئے دن بم دھماکے ہوتے تھے، شہریوں کو بھتے کی پرچیاں ملتی تھیں، روز ٹارگٹ کلنگ ہوتی تھی لیکن رینجرز کی کاوشوں سے شہر میں امن و امان کی صورت حال کافی بہتر ہوئی ہے۔

دوسری جانب صوبائی حکومت نے کراچی میں رینجرز کے خصوصی اختیارات کی مدت میں توسیع کا معاملہ قانونی مشاورت کے بعد سندھ اسمبلی میں لانے کا عندیہ دیا ہے۔
Load Next Story