بے بنیاد الزامات پر نیب کا بھی احتساب ہونا چاہیے پرویز رشید

نیب کو لوگوں کی پگڑیاں اچھالنے کا اختیار نہیں دیا جاسکتا، وفاقی وزیراطلاعات و نشریات

نیب بدعنوان افراد کو سزائیں دلانے میں ناکام رہا ہے، پرویز رشید فوٹو: فائل

ISLAMABAD:
وفاقی وزیراطلاعات و نشریات پرویز رشید نے کہا ہے کہ نیب کو لوگوں کی پگڑیاں اچھالنے کا اختیار نہیں دیا جاسکتا اس لئے بے بنیاد الزامات پر اس کا بھی احتساب ہونا چاہیے۔


اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ کسی بھی ادارے کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ شواہد کے بغیر لوگوں کی پگڑیاں اچھالتا پھرے، بے بنیاد الزامات پر نیب کا بھی احتساب ہونا چاہیے۔ وہ سمجھتے ہیں ملک میں ایسا قانون بھی بنانا چاہیے جس کے تحت نیب جیسا ذمہ دار ادارہ اپنے الزام کو مقررہ وقت پر ثابت نہ کرسکے تو پھر الزام لگانے والا افسر سزا کا مستحق قرار پائے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ نیب کے قیام کا مقصد حکومتی سطح پر بدعنوانی کو ختم کرنا ہے لیکن یہ ادارہ بدعنوان افراد کو سزائیں دلانے میں ناکام رہا، نیب کو آمریت کے دور میں سیاسی مخالفین کے خلاف استعمال کیا گیا، نیب 15برسوں میں ایک بھی مقدمہ شروع نہیں کرسکا۔ نیب نے وزیراعظم نواز شریف پر اختیارات کا غلط استعمال کرتے ہوئے جس سڑک کی تعمیر کا الزام لگایا ہے اس پر ہاؤسنگ اسکیم، اسپتال اور یونیورسٹی واقع ہے.
Load Next Story