امریکا اور چین کا افغان حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکرات کا خیر مقدم

افغان حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکرات پائیدار امن کی جانب اچھا قدم ہے، ترجمان وائٹ ہاؤس


ویب ڈیسک July 08, 2015
افغانستان میں قیام امن کے لیے ہرممکن کوشش کی جائیں گی،چین اورامریکا فوٹو:فائل

ISLAMABAD: امریکا اور چین سمیت مختلف ممالک نے پاکستان میں منعقدہ افغان حکومت اور طالبان کے مذاکرات کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں قیام امن کے لیے ہرممکن کوشش کی جائیں گی۔

پاکستان میں افغان حکومت اور طالبان کے درمیان ہونے والے مذاکرات پر وائٹ ہاؤس کے ترجمان نے کہا کہ افغان حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکرات پائیدار امن کی جانب اچھا قدم ہے اور امریکا ہر اس کوشش کی حمایت کرتا ہے جو افغانستان میں امن کے قیام میں مدد گار ہو۔

دوسری جانب چینی سفارت خانے نے بھی افغان حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکرات کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ افغان امن عمل مذاکرات خطے کے امن وسلامتی کے لیے نہایت اہم ہیں اور چین افغان قیادت کے تحت امن عمل کی حمایت کرتا ہے۔ سفارت خانے نے بیان میں کہا کہ افغان امن عمل سے چین متعلقہ فریقین سے رابطے میں رہتا ہے اور افغانستان میں پائیدار امن کے قیام کے لیے کوششیں کی جائیں گی جب کہ تمام ممالک نے مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔

ادھر افغان حکومت نے بھی مذاکرات کی میزبانی پر پاکستان کے کردارکو سراہا جب کہ افغان وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ افغان طالبان کے ساتھ مذاکرات قیام امن کی جانب پہلا قدم ہے اور امید ہے کہ مذاکرات پائیدار امن کی راہ ہموار کریں گے۔

 

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں