ہاکی کا زوال قوم کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے لیے کمیٹی قائم

تحقیقاتی رپورٹ ایک ہفتے کے اندر صدر فیڈریشن اختر رسول کو پیش کی جائیگی

پی ایچ ایف کے پیٹرن انچیف وزیر اعظم نے کی ہدایت پر قائم کردہ 7 رکنی کمیٹی کا پہلا اجلاس جمعرات کو اسلام آباد میں ہوگا۔ فوٹو : فائل

ورلڈ ہاکی لیگ میں شرمناک شکست کے بعد قوم کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے لیے پی ایچ ایف نے تین رکنی کمیٹی قائم کر دی، سابق اولمپئنز اخلاق، شاہد علی خان اور منصوراحمد اس کے ارکان ہیں،تحقیقاتی رپورٹ ایک ہفتے کے اندر صدر فیڈریشن اختر رسول کو پیش کی جائیگی۔

ماضی کی عظیم ہاکی طاقت پاکستان ان دنوں مشکلات سے دوچار ہے، ٹیم گذشتہ برس ہونے والے ورلڈ کپ میں پہلی بار شریک نہیں ہوسکی جس کی وجہ کوالیفائی نہ کرنا تھا، اس کے بعد پی او اے کے متوازی دھڑوں کی لڑائی میں گرین شرٹس کامن ویلتھ گیمز کھیلنے بھی سے محروم رہے۔

اس دوران قومی ٹیم کو ایشین گیمز اور چیمپئنز ٹرافی کھیلنے کا موقع ملا جس میں سلور میڈلز جیتے۔ پھر اولمپکس کے لیے کوالیفائی کرنے کا مرحلہ آیا، بیلجیئم کے 10 ملکی ایونٹ میں پاکستانی سائیڈ ٹاپ فور میں بھی شامل ہوجاتی تو میگا ایونٹ کھیلنے کا ٹکٹ پا سکتی تھی لیکن گروپ اے میں تیسری پوزیشن پر کے سبب اسے کوارٹر فائنل میں مضبوط حریف انگلینڈ کا مقابلہ کرنا پڑا،1-2 سے ناکامی کے بعد پلے آف میچز میں اچھی کارکردگی سے پانچویں پوزیشن کا حصول بھی پاکستان کی اولمپک کھیلنے کی امیدیں برقرار رکھ سکتا تھا لیکن ایسا نہیں ہوا،گرین شرٹس کمزور حریفوں آئرلینڈ اور فرانس سے بھی عبرتناک شکست کھا بیٹھے جس کے بعد ان پر اولمپکس کے تمام دروازے بند ہوگئے۔


فیڈریشن نے کوئی ٹھوس قدم اٹھانے کے بجائے قوم کی آنکھوں میں دھول جھونکنا شروع کر دی، ورلڈ ہاکی لیگ میں ٹیم کی بدترین ناکامی کا جائزہ لینے کیلیے3 رکنی کمیٹی بنا دی گئی جس میں اولمپئن محمد اخلاق ،شاہد علی خان اور منصور احمد شامل ہیں۔کمیٹی تحقیقاتی رپورٹ ایک ہفتے کے اندر صدرچوہدری اختر رسول کو پیش کرے گی۔دوسری جانب پی ایچ ایف کے پیٹرن انچیف وزیر اعظم نے کی ہدایت پر قائم کردہ 7 رکنی کمیٹی کا پہلا اجلاس جمعرات کو اسلام آباد میں ہوگا، اس کی سربراہی بین الصوبائی رابطے کی وزارت کے سیکریٹری اعجاز چوہدری کریں گے، دیگر ارکان میں سابق کپتان شہباز احمد سینئر،خواجہ جنید،کرنل (ر)مدثر اصغر اور پاکستان اسپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر اختر گنجیرا شامل ہیں۔

صدر پی ایچ ایف اختر رسول، سیکریٹری رانا مجاہد علی، چیف کوچ شہناز شیخ اور کپتان محمد عمران کمیٹی کے سامنے پیش ہو کر ورلڈ ہاکی لیگ میں پے در پے شکستوں پر اپنا موقف ریکارٖڈ کرائیں گے۔

دریں اثنا نمائندہ ''ایکسپریس'' سے بات چیت میں صدر پی ایچ ایف اختر رسول نے کہا کہ میرا گھرانہ ہاکی کھلاڑیوں پر مشتمل ہے، تاریخ میں پہلی بار اولمپکس سے باہر ہونے کا درد مجھ سے زیادہ کسی اور کو کیا ہو سکتا ہے، استعفے یا کسی کو نکالنے سے ٹیم کے حالات بہتر نہیں ہونگے، مسائل کو اگر حل کرنا ہے تو مالی معاملات کو بہتر بنانا ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ اگر میرے مستعفی ہونے سے حالات بہتر ہوسکتے ہیں تو میں کل کے بجائے آج ایسا کرنے کو تیار ہوں مگر صرف باتوں سے صورتحال میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔انھوں نے کہا کہ جمعرات کوکمیٹی کے سامنے ضرور پیش ہو گا، ورلڈ لیگ میں ٹیم کی کارکردگی سمیت متعدد اہم امور سے پردہ اٹھانا چاہتا ہوں۔
Load Next Story