یاسر نے دنیا کے ٹاپ بولرز کی ساکھ خطرے میں ڈال دی

اسٹین، اینڈرسن اوربولٹ جیسے اسٹارزکوپوزیشنز کے لالے پڑگئے


Sports Desk July 09, 2015
راحت علی بھی 6 درجے ترقی پاکر 41 اور عمر ان خان 19 درجے بہتری کے ساتھ 54 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ فوٹو : اے ایف پی/فائل

یاسر شاہ نے دنیا کے ٹاپ بولرز کی ساکھ خطرے میں ڈال دی، پلک جھپکتے ہی ٹیسٹ بولرز رینکنگ میں چوتھے نمبر پر جا پہنچے، ڈیل اسٹین، جیمز اینڈرسن اور ٹرینٹ بولٹ جیسے نامی گرامی بولرز کو اپنی پوزیشنز کے لالے پڑگئے، مچل جونسن، اسٹورٹ براڈاور ورنون فلینڈر سب پاکستانی لیگ اسپنر کے سامنے پانی بھرتے دکھائی دے رہے ہیں۔

یاسر شاہ کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں جادوگری کا سلسلہ برقرار اور اس کا براہ راست فائدہ انھیں بولرز رینکنگ میں مل رہا ہے۔ سری لنکا سے تیسرے ٹیسٹ میں انھوں نے 158 رنز کے عوض 7 وکٹیں لیں جس کی بدولت مزید چار درجے ترقی نے کیریئر بیسٹ چوتھی پوزیشن پر پہنچادیا، انھوں نے سری لنکا کے خلاف سیریز کا آغاز رینکنگ میں 20 ویں نمبر پر سے کیا اور تین میچز میں 24 وکٹیں لے کر مجموعی طور پر 16 درجے ترقی پائی۔

اب ان کے آگے فہرست میں ڈیل اسٹین، جیمز اینڈرسن اور ٹرینٹ بولٹ رہ گئے ہیں،انھوں نے مچل جونسن، اسٹورٹ براڈ، ورنون فلینڈر، رنگانا ہیراتھ سب کو انھوں نے پیچھے چھوڑ دیا۔ راحت علی بھی 6 درجے ترقی پاکر 41 اور عمر ان خان 19 درجے بہتری کے ساتھ 54 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں، یہ دونوں بولرز کی فی الحال کیریئر بیسٹ رینکنگ ہے۔ بیٹسمینوں میں یونس خان2 درجے بہتری کے بعد اب چھٹے نمبر پر پہنچ گئے،انھوں نے تیسرے ٹیسٹ میں ناقابل شکست 171 رنز بناکر اپنی ٹیم کو کامیابی دلانے میں اہم کردارادا کیا۔

ان کے ساتھ اس اننگز میں 217 رنز کی شراکت بنانے والے شان مسعود بھی 27 درجے ترقی پاکر 88 ویں نمبر پر پہنچ گئے۔ وکٹ کیپر سرفراز احمد نے 78 رنز ناٹ آؤٹ بنائے، اس طرح وہ بھی کیریئر میں پہلی بار ٹاپ 20 میں شامل ہوئے ، چار درجے ترقی پاکر وہ اب 17 ویں نمبر پر پہنچ چکے ہیں۔ مصباح الحق 14 ویں درجے پر برقرار ہیں، اظہر علی کو 5 درجے خسارے نے 17ویں نمبر پر سرفراز کے پاس پہنچا دیا،2درجے تنزلی سے اسد شفیق 20 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں