یوم علیؓ کے موقع پر برآمد ہونے والے جلوس اپنے مقررہ راستوں پر رواں دواں

شہرقائد میں پہلی بار ہم ناکارہ بنانے کے لئے روبوٹ کا استعمال کیا جارہا ہے،پولیس

شہرقائد میں پہلی بار ہم ناکارہ بنانے کے لئے روبوٹ کا استعمال کیا جارہا ہے۔ فوٹو:فائل

لاہور:
یوم حضرت علی ؓ کے سلسلے کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں سے برآمد ہونے والے جلوس اپنے مقررہ راستوں پر رواں دواں ہیں جب کہ جلوسوں کی سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔


ایکسپریس نیوز کے مطابق ملک بھر میں یوم حضرت علی ؓ کے سلسلے میں برآمد ہونے والے جلوس اپنے مقررہ راستوں پر رواں دواں ہیں جن کی سیکیورٹی کے لئے سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے جب کہ لاہور میں مرکزی جلوس کی فضائی نگرانی بھی کی جارہی ہے، اسی طرح کراچی میں نشتر پارک سے برآمد ہونے والا مرکزی جلوس اپنے مقررہ راستے پر رواں دواں ہے جس کی سیکیورٹی کےلیے 11 ہزارپولیس اہلکارتعینات کئے گئے ہیں جب کہ ٹریفک کو گرومندر سے کوریڈور تھری کی جانب موڑ دیا گیا ہے اور ایم اے جناح روڈ سے منسلک تمام گلیوں کو کنٹینرز لگا کر سیل کردیا گیا ہے۔ شہر قائد میں پہلی مرتبہ بم ناکارہ بنانے کے لئے روبوٹ کا استعمال کیا جارہا ہے جب کہ پولیس کا کہنا ہے کہ آئی ای ڈی نامی ریمورٹ کنٹرول روبوٹ جدید کیمروں اور رائفلز سے لیس ہے جو بم کو ناکارہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

دوسری جانب لاہور میں یوم علی ؓ کا مرکزی جلوس مبارک حویلی سے برآمد ہوا جو مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا کربلا گامے شاہ پہنچ کراختتام پذیرہوگا جب کہ جلوس کی سیکیورٹی پر 7 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات ہیں اورہیلی کاپٹرکے ذریعے جلوس کی فضائی نگرانی بھی کی جارہی ہے۔ اسی طرح پشاور میں یوم علیؓ کے موقع پر سیکیورٹی ریڈ الرٹ کردی گئی ہے،ایس ایس پی آپریشنز میاں سعید کے مطابق جلوسوں کی سیکیورٹی کے لئے 2 ہزار پولیس اہلکار تعینات ہیں اور جلوسوں کے راستے پر دکانیں اور مارکیٹیں بند رکھی گئی ہیں جب کہ جلوس کی گزرگاہوں کو بم ڈسپوزل یونٹ اور سراغ رساں کتوں کی مدد سے کلئیر کرایا گیا ہے۔
Load Next Story