نریندر مودی چینی صدر سے ملاقات میں پاک چین راہداری کا رونا روتے رہے

دونوں رہنماؤں کے درمیان 90 منٹ تک جاری ملاقات کے دوران زیادہ وقت ذکی الرحمان لکھوی اوراقتصادی راہداری پرصرف ہوا۔

دونوں رہنماؤں نے سرحدی تنازع پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ فوٹو: بشکریہ ہندوستان ٹائمز

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے چینی صدر شی چن پنگ سے ملاقات کے دوران پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے پر اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے شکایتوں کے انبار لگا دیئے۔

بھارتی اخبار کے مطابق روس میں شنگھائی تعاون کانفرنس کے موقع دونوں رہنماؤں کے درمیان 90 منٹ تک ملاقات جاری رہی جس کے دوران بھارتی وزیراعظم نریندرمودی نے زیادہ وقت چین کے تعاون سے طے پانے والے 46 ملین ڈالر کے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے اور ذکی الرحمان لکھوی کی ضمانت پر رہائی سے متعلق بات کی۔ دونوں رہنماؤں نے سرحدی تنازع سمیت اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں بھارت کی مستقل رکنیت اور برآمدات پر کنٹرول سے متعلق تبادلہ خیال کیا۔


بھارتی وزیرخارجہ جے شنکر کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی نے چینی صدر شی چن پنگ سے ملاقات کے دوران ممبئی حملوں کے ملزم ذکی الرحمان لکھوی کی رہائی کے معاملے پر تفصیلی بات چیت کی اور اس دوران نریندر مودی نے اپنے تمام تر تحفظات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ نریندر مودی نے جن تحفظات کا اظہار کیا اس پر ژی جن پنگ متاثر دکھائی دیئے۔

دوسری جانب نریندر مودی کی وزیراعظم پاکستان نواز شریف سے بھی کل ملاقات متوقع ہے جب کہ بھارتی سیکرٹری خارجہ جے شنکر نے سرکاری طورپرباضابطہ ملاقات کا اعلان نہیں کیا تاہم اخبارلکھتا ہے کہ سیکرٹری خارجہ نے یہ تردید نہیں کی کہ بھارت پاکستانی وزیراعظم سے ملاقات کا خواہاں ہے۔
Load Next Story