ایشز ٹیسٹ آسٹریلیا انگلش گھیرا توڑنے کے لیے کوشاں

264 پر آدھی ٹیم پویلین لوٹ گئی، روجرز نروس نائنٹیز کا شکار، انگلینڈکے430رنز


Sports Desk/AFP July 10, 2015
دن کے اختتام تک 264 رنز پر آدھی ٹیم پویلین لوٹ گئی جب کہ خسارہ ختم کرنے کیلیے مزید 166رنز درکار ہیں۔ فوٹو : اے ایف پی

پہلے ایشز ٹیسٹ میں آسٹریلیا کی جانب سے انگلش گھیرا توڑنے کی کوشش جاری ہے، دوسرے دن کے اختتام تک 264 رنز پر آدھی ٹیم پویلین لوٹ گئی، خسارہ ختم کرنے کیلیے مزید 166رنز درکار ہیں، کرس روجرز نروس نائنٹیز کا شکار ہوئے۔

آسٹریلوی اوپنرز کرس روجرز اورڈیوڈ وارنر نے قدرے سلو وکٹ پر احتیاط سے کھیلنا چاہا مگر یہ جوڑی 52 رنز کی شراکت کے بعد ٹوٹ گئی، وارنر (17)اینڈرسن کی گیند پر کک کا کیچ بنے، روجرز نے اسٹیون اسمتھ کے ساتھ اسکور کو 129 تک پہنچایا، اسمتھ نے 33 کے انفرادی اسکور پر گیند کو لیگ سائیڈ پر اسٹمپ کی جانب جاتا دیکھ کر بیٹ اور پیڈ کا استعمال کرنا چاہا مگر بیٹ سے لگ کر اچھلنے والی گیند کو کک نے ڈائیو لگا کر تھام لیا۔

روجرز کو سنچری سے صرف پانچ رنز کی دوری پر بدقسمتی نے آ گھیرا، مارک ووڈ کی شارٹ گیند بیٹ کے اوپری کنارے کو چھوتی ہوئی وکٹ کیپر جوز بٹلر کے گلوز میں سما گئی۔ کپتان کلارک کا 38 رنز پر معین نے اپنی ہی گیند پر کیچ لیا، ووگس 31 رنز پر بین اسٹوکس کی گیند پر اینڈرسن کا کیچ بنے۔جب دوسرے دن کھیل کا اختتام ہوا تو آسٹریلیا نے 5 وکٹ پر 264 رنز بنالیے تھے، واٹسن 29 اور لیون 6پر ناٹ آؤٹ رہے۔ قبل ازیں 343 رنز 7 وکٹ سے دوسرے دن کھیل کا آغاز کرنے والی انگلش ٹیم پہلی اننگز میں 430 پر آؤٹ ہوگئی۔

براڈ 18 رنز بناکر لیون کا شکار بنے،کیچ وکٹ کیپر بریڈ ہیڈن نے تھاما، معین علی نے مچل اسٹارک کی وکٹ بننے سے قبل 77 رنز بنائے، واٹسن اپنے چہرے کے سامنے ان کا دونوں ہاتھوں سے کیچ تھام کر پیچھے گر پڑے، آخری کھلاڑی اینڈرسن صرف ایک رن کے مہمان ثابت ہوئے، وکٹ اسٹارک کے نام رہی۔ انھوں نے مجموعی طور پر 5 وکٹیں لیں، ہیزل ووڈ اپنے تین شکاروں میں مزید اضافہ نہیں کرپائے، ناتھن لیون نے2کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں