سرینا ولیمز نے ماریا شراپووا کو پچھاڑ کر ومبلڈن فائنل میں جگہ بنالی ہے

مگروزا نے اسپین کے فائنل میں پہنچنے کا19سالہ انتظارختم کردیا، ریڈوانسکا ناکام


Sports Desk/AFP July 10, 2015
سرینا نے اپنی نمبر ون پوزیشن اور11 سالہ مہارت کو برقرار رکھتے ہوئے شراپووا پر 6-2 اور 6-4 سے فتح حاصل کی۔ فوٹو : اے ایف پی

سرینا ولیمز نے ماریا شراپووا کا جینا دوبھر بنا دیا، امریکی اسٹار ایک اور باہمی مقابلے میں فتح حاصل کر کے ومبلڈن فائنل میں پہنچ گئیں، ٹرافی کیلیے ان کا سامنا گاربین مگروزا سے ہوگا،انھوں نے اگنیسکا ریڈوانسکا کو مات دے کر اسپین کا فائنل میں پہنچنے کا19 سالہ انتظار ختم کردیا۔

تفصیلات کے مطابق سرینا ولیمز نے ماریا شراپووا کو پچھاڑ کر ومبلڈن فائنل میں جگہ بنالی ہے، سرینا نے اپنی نمبر ون پوزیشن اور11 سالہ مہارت کو برقرار رکھتے ہوئے شراپووا پر 6-2 اور 6-4 سے فتح حاصل کی، پانچ مرتبہ کی چیمپئن سرینا نے سینٹر کورٹ پر شراپووا کو زیر کرنے میں صرف79 منٹ لگائے، انھوں نے حریف پر20 مقابلوں میں 18ویں کامیابی پائی۔

33 سالہ امریکی پلیئر2012 کے بعد پہلے ومبلڈن فائنل میں 20ویں سیڈ گاربین مگروزا کا سامنا کریں گی، وہ تمام چار بڑے ٹائٹلز پر قبضہ کرنے سے صرف ایک جیت کی دوری پر ہیں، اس سے قبل انھوں نے2002-03 میں یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔2002 میں دونوں مشکل ٹورنامنٹس جیتنے کے بعد سے سرینا یکہ بعد دیگرے فرنچ اوپن اور ومبلڈن ٹائٹل جیتنے والی پہلی خاتون بھی بننے کے بہت نزدیک ہیں۔ دوسرے سیمی فائنل میں گاربین مگروزا نے اسپین کا 19 سالہ انتظار ختم کرتے ہوئے پولینڈ کی اگنیسکا ریڈوانسکا کو 6-2، 3-6 اور 6-3 سے مات دی۔

ارینکسٹا سانچز ویکاریو آخری اسپینش خاتون تھیں جنھوں نے آل انگلینڈ کلب کے فائنل تک رسائی پائی،کونچیٹا مارٹینیز 1994 کی آخری چیمپئن تھیں۔ جیت پر مسرور مگروزا نے کہاکہ مجھے توقع ہے کہ فیملی ہفتے کا فائنل دیکھنے کیلیے لندن آئے گی، انھوں نے مجھے دباؤ سے بچانے کیلیے اب تک ٹورنامنٹ سے دور رہنے کا فیصلہ کیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں