زیر زمین پائپ لائنوں کی فروخت اسکینڈل میں ملوث اصل کرداروں کو بچانے کیلیے دوبارہ تحقیقاتی کمیٹی قائم

کورنگی ڈویژن کے اکثر علاقوں میں کئی دنوں سے پانی نہیں آرہا،ذرائع


ایکسپریس July 16, 2012
کورنگی ڈویژن کے اکثر علاقوں میں کئی دنوں سے پانی نہیں آرہا،ذرائع

کراچی واٹراینڈ سیوریج بورڈ کورنگی ڈویژن میں زیرزمین پائپوں کو فروخت کرنے کے اسکینڈل میں ملوث اصل کرداروں کو بچانے کے لیے دوبارہ تحقیقاتی کمیٹی قائم کردی گئی ہے جبکہ واٹربورڈ کورنگی ڈویژن میں فراہمی آب کا نظام مکمل طور پرتباہ ہوگیا ہے اور کورنگی کے اکثر علاقوں میں کئی دنوں سے پانی کا ایک قطرہ بھی نہیں آیا ہے،

باخبر ذرائع نے بتایا کہ واٹربورڈ کورنگی ڈویژن میں زیرزمین فراہمی آب کی لائنوں کو فروخت کرنے کا معاملہ خطرناک شکل اختیار کرگیا ہے، ذرائع نے بتایا کہ جب اپنی نوعیت کا یہ منفرد اسکینڈل سامنے آیا تو پہلے مرحلے میں واٹربورڈ کی انتظامیہ نے اس واقع کی تحریری طور پر نشاندہی کرنے والے سب انجینئر کو ہی معطل کردیا ہے اور اس کو کہا تم نے یہ معاملہ بے نقاب کیا ہے جس کی تم کو سخت سزا بھگتنا پڑے گی

تاہم میڈیا میں خبروں کی اشاعت کے بعدمزید تین افراد کو معطل کردیا گیا اور ایک تحقیقاتی کمیٹی بھی قائم کردی گئی جس نے اپنی تحقیقاتی رپورٹ میں یہ دلچسپ انکشاف کیا ہے کہ اس واقعے میں جو پائپ چوری ہوا تھا وہ مل گیا لہذا تمام لوگوں کو بحال کردیا جائے، ذرائع نے بتایا کہ پائپ ملنے کی بھی دلچسپ کہانی ہے، اس ڈویژن کے کرپٹ افسران نے زیرزمین تین سو فٹ پائپ چوری کیا مگر جب یہ معاملہ سامنے آگیا تو کورنگی کے علاقے میں واقع ایک کباڑیے کی دکان سے60فٹ پائپ خرید کرلاکر جائے وقوعہ پر ڈال دیا کہ چوری ہونے والا پائپ مل گیا ہے،

ذرائع نے بتایا کہ مگر جب یہ معاملہ تسلسل کے ساتھ اخبارات میں آنے لگا تو واٹربورڈکی انتظامیہ نے دوبارہ تحقیقاتی کمیٹی قائم کردی ہے مگر یہ جاننے کے باوجود اس معاملے میں کون کون سے اہلکار ملوث ہیں ان کے خلاف کارروائی سے گریز کیا جارہا ہے، ذرائع نے بتایا کہ دوبارہ تحقیقاتی کمیٹی کے قیام کا مقصد بھی اس واقعے میں ملوث اصل کرداروں کو بچانا ہے، ذرائع نے بتایا کہ تحقیقاتی کمیٹی کے دوبارہ قیام کے بعد سے کورنگی ڈویژن کے ایگزیکٹو انجینئر اکبرقائم خانی نے اپنے دفتر آنا چھوڑ دیا وہ10روز سے اپنے دفتر نہیں آئے اور پورے کورنگی ڈویژن میں فراہمی آب کا نظام نچلے اہلکاروں کے سپرد ہے جس کے باعث کورنگی میں اس وقت فراہمی آب کی بدترین صورتحال پیدا ہوگئی ہے،

ذرائع کا کہنا ہے کہ کورنگی میں اس وقت پانی کا بحران مصنوعی ہے جو کہ واٹربورڈ کورنگی ڈویژن کے کرپٹ افسران نے دانستہ طور پر یہ ثابت کرنے کے لیے پیدا کیا ہے کہ اگر ان کو یہاں سے چھیڑنے کی کوشش کی گئی ہے تو پورے نظام کو تہس نہس کردیں گے،

واٹربورڈ کورنگی ڈویژن میں اس وقت بدترین صورتحال ہے مگر ایسا محسوس ہوتا ہے کہ اس وقت واٹربورڈ میں انتظامیہ نام کی کوئی چیز ہی نہیں اور واٹربورڈ کی انتظامیہ خود چاہتی ہے کہ کورنگی میں فراہمی آب کا نظام درہم برہم ہوجائے تاکہ جو لوگ یہ چاہتے ہیں پائپ چوروں کے خلاف کارروائی ہوان افراد کے بارے میں یہ تاثر دیا جاسکے کہ ان کی غیرضروری مداخلت کے باعث واٹربورڈ میں فراہمی آب کا بحران پیدا ہوا ہے جس کے خمیازہ علاقے کے لاکھوں مکینوں کو بھگتنا پڑرہا ہے،

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔