ایشز ٹیسٹ ’’تر نوالہ‘‘ آسٹریلیا کے حلق میں اٹک گیا

انگلینڈ289 پر آؤٹ ، میزبان کو2دن میں فتح کے لیے412 کا مشکل ہدف درکار


AFP/Sports Desk July 11, 2015
ایشز میں آسٹریلیا کی جانب سے زیادہ سے زیادہ حاصل کیے جانے والا ہدف 3 وکٹ پر 404رنز رہا ہے۔ فوٹو : اے ایف پی

آسٹریلوی ٹیم ایشز سیریز میں انگلینڈ کو آسان حریف سمجھ رہی تھی مگر یہ ''تر نوالہ'' میزبان کے حلق میں اٹک گیا، پہلے ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں مہمان سائیڈ نے289رنز بنائے،یوں آسٹریلیا کو2دن میں کامیابی کیلیے412 کا مشکل ہدف مل گیا، بیل اور جوئے روٹ نے نصف سنچریاں داغیں، آف اسپنر ناتھن لیون4 وکٹیں اڑانے میں کامیاب رہے۔

تفصیلات کے مطابق تیسرے دن انگلش ٹیم دوسری اننگز میں ابتدائی 2 جھٹکے ملنے کے بعد سنبھل گئی، کپتان کک (12)کے بعد بیلنس بغیر کھاتہ کھولے پویلین لوٹے، ایڈم لیتھ نے 37رنز بنائے، ای ین بیل (60) اور جوئے روٹ (60) نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے چوتھی وکٹ کیلیے 92رنز کی شراکت بنائی،اس سے ٹیم کی برتری کو مستحکم کرنے میں خاصی مدد ملی، 33 سالہ بیل اس ففٹی سے قبل مشکلات کا شکار تھے۔

کیریئر کا 111واں ٹیسٹ کھیلنے والے بیٹسمین نے اس سے قبل اپنی 9 ٹیسٹ اننگز میں مجموعی طور پر 56رنز بنائے تھے ، بین اسٹوکس نے بھی 42 کی قیمتی اننگز کھیلی،انھوں نے روٹ کے ساتھ پانچویں وکٹ کیلیے37رنز جوڑے، جوز بٹلر(7)، اسٹورٹ براڈ(4) جلد پویلین واپس گئئے، معین علی15رنزبنا سکے، جیمز اینڈرسن نے محض ایک رن بنایا، مارک ووڈ32 پر ناٹ آؤٹ رہے۔میزبان ٹیم دوسری باری میں 289رنز بناکر آؤٹ ہوگئی،اسی پر کھیل کا اختتام ہو گیا،آف اسپنر ناتھن لیون نے 75رنز کے عوض4 وکٹیں لیں، مچل جونسن، جوش ہیزل ووڈ اور مچل اسٹارک نے 2،2 کھلاڑیوں کو پویلین چلتاکیا۔

پہلی اننگز میں 122 رنز کی برتری نے انگلینڈکی مجموعی سبقت 411 تک پہنچا دی،کینگروز کو فتح کیلیے 412 کا ہدف ملااور میچ میں ابھی 2 دن کا کھیل باقی ہے، اس سے قبل آسٹریلوی ٹیم جوابی اننگز میں 308 پرآؤٹ ہوکر خسارے میں چلی گئی، مہمان ٹیم نے اپنی نامکمل اننگز کو 264-5 سے آگے بڑھایا لیکن باقی پانچ وکٹیں مجموعے میں 44رنز کا اضافہ ہی ممکن بنا سکیں، شین واٹسن 30اور ناتھن لیون 6 رنز بنا سکے۔

بریڈ ہیڈن 22، مچل جونسن 14 اور مچل اسٹارک بغیر کوئی رن بنائے میدان بدر ہوئے،اینڈرسن نے 3 جبکہ اسٹورٹ براڈ ، مارک ووڈ اور معین علی نے 2،2 وکٹیں اپنے نام کیں۔ یاد رہے کہ ایشز میں آسٹریلیا کی جانب سے زیادہ سے زیادہ حاصل کیے جانے والا ہدف 3 وکٹ پر 404رنز رہا جو اس نے ہیڈنگلے میں 1948 میں پایا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں