ومبلڈن ٹینس سرینا21ویں گرینڈ سلم ٹرافی جیتنے کیلیے پر اعتماد

اسپینش ڈیوس کپ کی نومنتخب کوچ کونچیتا مارٹینز نے 1994 میں ومبلڈن جیتنے والی آخری اسپینش پلیئر کا اعزاز پایا۔

اسپینش ڈیوس کپ کی نومنتخب کوچ کونچیتا مارٹینز نے 1994 میں ومبلڈن جیتنے والی آخری اسپینش پلیئر کا اعزاز پایا۔ فوٹو : اے ایف پی

ومبلڈن ویمنز سنگلز ٹرافی کیلیے ٹاپ سیڈ سرینا ولیمز ہفتے کو گاربین مگروزا کا سامنا کریں گی۔

وہ کیریئر کی21ویں گرینڈ سلم ٹرافی جیت کرکئی سنگ میل عبور کرسکتی ہیں، حریف پلیئرنے اپنے حیران کن سفر کے سیمی فائنل میں اگنیسکا ریڈوانسکا کی چھٹی کردی تھی۔ تفصیلات کے مطابق ومبلڈن 2015 کی ویمنز سنگلز ٹرافی کا فیصلہ ہفتے کو سرینا ولیمز اور گاربین مگروزا کے میچ سے ہوگا،ٹاپ سیڈ امریکی اسٹار کیریئر میں چھٹی بار ومبلڈن اور مجموعی طور پر 21ویں گرینڈ سلم ٹرافی جیت کر کئی سنگ میل عبور کرسکتی ہیں۔

سرینا نے گذشتہ دنوں ماریا شراپووا کو پچھاڑ کر 25ویں مرتبہ گرینڈ سلم ایونٹ کے فائنل میں جگہ بنائی،وہ آٹھویں مرتبہ آل انگلینڈ کلب کی ٹرافی میچ میں حصہ لیں گی، سیزن میں ابھی تک ان کی کارکردگی انتہائی مثالی رہی، وہ محض ایک میچ ہارنے کے سوا باقی تمام 38 مقابلوںمیں فتحیاب رہی ہیں، ومبلڈن جیتنے کی صورت میں سرینا بیک وقت چاروں گرینڈ سلم ٹرافیز اپنے قبضے میں کرسکتی ہیں، انھوں نے اس سے قبل2002-03 سیزن میں بھی ایسا کیا تھا۔


33 سالہ امریکی اسٹار2002 کے بعد مسلسل 2بار فرنچ اوپن اور ومبلڈن جیتنے والی پہلی خاتون پلیئر بھی بن سکتی ہیں،13 برس قبل بھی سرینا نے ہی یہ کارنامہ انجام دیا تھا، سیزن کے اختتامی یوایس اوپن میں اعزاز کا دفاع کرنے پر وہ جرمن پلیئر اسٹیفی گراف کے بعد تمام چاروں گرینڈ سلم جیتنے والی پہلی پلیئر بھی بن سکتی ہیں،اسٹیفی نے یہ کارنامہ 1988 میں انجام دیا تھا، سرینا نے فائنل سے قبل میڈیا کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں اس مقابلے کا کوئی دباؤ نہیں لے رہی۔

ذہن کو ان تمام چیزوں سے آزاد رکھنا چاہتی ہوں، میں اس سے قبل بھی کئی گرینڈ سلم ٹائٹلز جیت چکی اور ایسے مقام پر آ گئی ہوں جہاں ایک اور ومبلڈن ٹرافی کی ضرورت نہیں ہے، میں فائنل ہاربھی سکتی ہوں لیکن ایسا ہونے سے خوشی نہیں ہوگی، انھوں نے کہا کہ میں اپنے کھیل سے لطف حاصل کرنا چاہتی ہوں تاہم مجھے شکست سے نفرت ہے، میں فتح کیلیے ہر وقت بہت زیادہ محنت اور ہمیشہ کچھ بہتر کرنے کی کوشش کرتی ہوں۔

ومبلڈن کے فائنل میں رسائی کی صورت میں سرینا نے سابق اسٹار جسٹن ہینن کی برابری کرلی، وہ سیزن کے تمام چاروں گرینڈ سلم فائنل میں پہنچنے والی پلیئر بن گئی ہیں، ہینن نے یہ سنگ میل 2006 میں عبور کیا تھا، فائنل کی حریف گاربین مگروزا کے حوالے سے سرینا نے کہاکہ یہ مقابلہ میرے لیے آسان نہیں ہوگا، وہ ماضی میں بھی میرے لیے مسائل کا سبب بنی ہیں، میں نہیں سمجھتی کہ مجھ سے مقابلہ کرتے ہوئے خوف کا شکار ہوں گی۔

مگروزا نے 13 سیڈ اگنیسکا ریڈوانسکا کو اعصاب شکن مقابلے میں مات دے کر ومبلڈن فائنل میں 19 برس بعد پہنچنے والی پہلی اسپیشن پلیئر کا اعزاز پایا، اس سے قبل 1996 میں ارانتکسا سانچز نے یہاں فائنل کھیلا تھا،اسپینش ڈیوس کپ کی نومنتخب کوچ کونچیتا مارٹینز نے 1994 میں ومبلڈن جیتنے والی آخری اسپینش پلیئر کا اعزاز پایا۔
Load Next Story