مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر کمزور کرنے کے ذمہ دار پرویز مشرف ہیں پرویزرشید

رینجرز کے اختیارات کے معاملے پر وفاق اور صوبے میں کوئی اختلاف نہیں، وفاقی وزیراطلاعات

بھارت نے پاکستان کو خطے میں تنہا کرنے کے لیے اقوام متحدہ سے رابطہ کیا، وزیر اطلاعات، فوٹو:فائل

MIRPUR:
وفاقی وزیراطلاعات پرویز رشید کا کہنا ہے کہ مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر کمزور کرنے کے ذمہ دار پرویز مشرف ہیں اور ان کے باعث ہی اس مسئلے کو دہشت گردی سے جوڑا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وفاقی وزیراطلاعات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر حل طلب معاملہ ہے اور اس حوالے سے قراردادیں موجود ہیں جب کہ پاک بھارت مشیروں کے درمیان ملاقات ہوئی تو مسئلہ کشمیر پربات کی جائے گی جس میں کشمیر، سیاچن سرکریک اور پانی کے مسئلے پر بھی بات ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر کمزور کرنے کے ذمہ دار پرویز مشرف ہیں اور ان کے باعث ہی اس مسئلے کو دہشت گری سے جوڑا گیا جب کہ مشرف نے پوری طاقت میں (ق) لیگ بنائی جس کا حشر سب کے سامنے ہے مگر آج ان کے پاس عہدہ ہے نہ وردی وہ جماعت کیسے بنائیں گے۔


سینیٹر پرویز رشید کا کہنا تھا کہ پاک بھارت وزرائے اعظم ملاقات میں کشمیر، سیاچن، سرکریک سمیت تمام متنازع امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ بات چیت کا عمل خطے میں پر امن ماحول پیدا کرنے کے لیے خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں انتہاپسند اپنے لوگوں کو جھوٹی تسلیاں دیتے ہیں اور بھارت نے تو پاکستان کو خطے میں تنہا کرنے کے لیے اقوام متحدہ سے رابطہ کیا تھا مگر چین سمیت دیگر ممالک نے بھارتی موقف کی حمایت نہیں کی۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہماری حکومت نے ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ کیا اور کراچی میں امن کے لیے بھی سب مل کر کام کررہے ہیں جس کے سبب شرپسندوں کے خلاف کارروائیوں میں کامیابیاں ملی جب کہ رینجرز نے محنت سے کراچی کو محفوظ بنایا تاہم رینجرز کے اختیارات کے معاملے پر وفاق اور صوبے میں کوئی اختلاف نہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ احتساب کا ادارہ کیسا ہونا چاہیے یہ فیصلہ پارلیمںٹ نے کرنا ہے تاہم احتساب کا عمل جاری رہنا چاہیے۔
Load Next Story