انگلش ٹیم نے آسٹریلوی غرور قدموں تلے روند دیا

پہلے ایشز ٹیسٹ میں 169 رنزسے کامیابی،مچل جونسن نے77 کی اننگز کھیلی


Sports Desk/AFP July 12, 2015
مچل جونسن کی 77 رنز کی اننگز بھی سہارا نہیں دے پائی، پوری ٹیم 242 رنز پر چکرا کر گرپڑی۔ فوٹو : اے ایف پی

زخم خوردہ انگلش ٹیم نے آسٹریلوی غرور اپنے قدموں تلے روند دیا، پہلے ایشز ٹیسٹ کے چوتھے ہی روز کینگروز کا قصہ تمام ہوگیا، 169 رنز کی شاندار کامیابی سے سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہوگی۔

412 رنز کے ورلڈ ریکارڈ ہدف کے تعاقب میں قدرے بہترآغاز کے بعد مہمان بیٹنگ لائن پر لرزہ طاری ہوگیا، مچل جونسن کی 77 رنز کی اننگز بھی سہارا نہیں دے پائی، پوری ٹیم 242 رنز پر چکرا کر گرپڑی، اسٹورٹ براڈ اور معین علی نے تین، تین جبکہ جوئے روٹ نے 2 وکٹیں لیں۔ تفصیلات کے مطابق پہلے ایشز ٹیسٹ میں فتح کیلیے ملنے والے 412 رنز کے ریکارڈ ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کا آغاز قدرے بہتر رہا، ٹیم نے ایک وکٹ پر 97 رنز بنالیے مگر پھر صرف 36 بالز کے دوران 9 رنز اضافے سے 4 مزید وکٹیں گرگئیں۔

چائے کے وقفے تک 162 رنز پر 7 کھلاڑی پویلین واپس لوٹ چکے تھے۔ شروع میں اسٹورٹ براڈ نے کینگرو ٹاپ آرڈر پر بھرپور حملہ کیا، کرس روجرز کی ایک اور ففٹی کی حسرت دل میں ہی رہ گئی جب وہ صرف 10 رنز پر براڈ کی گیند پر بیل کا کیچ بن گئے، ڈیوڈ وارنر نے معین علی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہونے سے قبل 52 رنز بنائے، اسٹیون اسمتھ (33) کو بھی براڈ نے بیل کی مدد سے قابو کیا۔ کپتان کلارک ، براڈ کی تیسری وکٹ بنے، وہ صرف چار رنز بناکر اسٹوکس کا کیچ بن گئے۔

ووگس (1) مارک ووڈ کی گیند پر کاٹ بی ہائنڈ ہوئے، بریڈ ہیڈن (7) کو معین علی نے کک کا کیچ بنایا۔ شین واٹسن (19) اس بار بھی ایل بی ڈبلیو ہی ہوئے، وکٹ ووڈ کے نام رہی۔ اس موقع پر مچل جونسن نے مزاحمت کرتے ہوئے 77 رنز بنائے مگر ان کی یہ کوشش آسٹریلیا کے بجھتے ہوئے چراغ کو روشن نہیں کرپائی، انھیں روٹ نے لیتھ کا کیچ بنایا،جوش ہیزل ووڈ (14) رنز پر آؤٹ ہونے والے آخری کھلاڑی تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔