سندھ اپیکس کمیٹی اجلاس کراچی آپریشن تیز کرنے اور کالعدم تنظیموں کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ

اپیکس کمیٹی نے کراچی میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کو منطقی انجام تک پہنچانے کا فیصلہ کیا ہے، وزیراطلاعات سندھ


ویب ڈیسک July 12, 2015
قومی ایکشن پلان پرعملدرآمدمیں سستی سےجرائم پیشہ افراد کیخلاف کارروائی متاثرہورہی ہے، اجلاس میں اتفاق فوٹو: فائل

لاہور: وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی زیرصدارت صوبائی اپیکس کمیٹی نے کراچی کو ہر قیمت جرائم اوردہشت گردی سے پاک شہر بنانے پر اتفاق کیا ہے جب کہ وزیراطلاعات سندھ شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ سندھ میں امن وامان کی صورتحال تمام صوبوں سے بہتر ہے۔

وزیراعلیٰ ہاؤس کراچی میں وزیراعلیٰ قائم علی شاہ کی زیر صدارت صوبائی اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں گورنر سندھ ڈاکٹرعشرت العباد خان، چیف سیکریٹری سندھ صدیق میمن، سیکریٹری داخلہ مختار سومرو، کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار، ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر، آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور انٹیلی جنس اداروں کے افسران سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔

https://img.express.pk/media/images/q117/q117.webp

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں سندھ رینجرز کے اختیارات کی مدت، آپریشنل پالیسی، صوبائی حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان رابطوں کو مزید موثر بنانے سمیت دیگر اہم امور پر غور کیا گیا اوراجلاس میں دہشت گردوں، ان کے معاونین اور مالی معاونت کرنے والوں کے خلاف جاری کارروائیوں کو مزید موثر بنانے کی حکمت عملی بھی طے کی گئی۔ اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ قومی ایکشن پلان پرعملدرآمد میں سستی سے جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائی متاثر ہورہی ہے، کراچی کوہر قیمت پر جرائم اور دہشت گردی سے پاک شہر بنایا جائے گا اور اس کے لئے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔

https://img.express.pk/media/images/d5/d5.webp

https://img.express.pk/media/images/sharjeel1/sharjeel1.webp

دوسری جانب میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیراطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ اپیکس کمیٹی نے اس بات پر اتفاق کیا کہ کراچی آپریشن سے دہشت گردی کے واقعات میں کمی واقع ہوئی اور یہ آپریشن دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جاری رہے گا جب کہ کمیٹی نے سندھ رینجرز اور پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے دہشت گردوں کے معاونین اور سہولت کاروں کے خاتمے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی تمام جڑیں ختم کی جائیں گی جس کے لیے کالعدم تنظیموں اور دہشت گردوں کو تربیت دینے والے تمام مدارس کے خلاف کارروائی تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا جب کہ دہشت گردی میں ملوث ہر طرح کے عناصر کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔

https://img.express.pk/media/images/q212/q212.webp

https://img.express.pk/media/images/Naveed-bilawal/Naveed-bilawal.webp

اپیکس کمیٹی کے اجلاس سے قبل پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار سے ملاقات کی جس میں ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل بلال اکبر، گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان اور وزیر اعلیٰ قائم علی شاہ بھی شریک تھے۔ ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران کراچی میں امن وامان کی موجودہ صورتحال اور رینجرز کے ٹارگٹڈ آپریشن پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے یقین دہانی کرائی کہ کراچی میں امن وامان برقرار رکھنے، کرپشن و لینڈ مافیا کے خلاف کارروائی اور دہشت گردی کے خاتمے کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں