بنگال ٹائیگرز نے دوسرے ایک روزہ میچ میں پروٹیز کو شکست دے دی

بنگلہ دیش نے جنوبی افریقا کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر 3 میچوں کی سیریز ایک، ایک سے برابر کردی۔


ویب ڈیسک July 12, 2015
بنگلادیش کی جانب سے سومیاسرکار کو 88 رنز کی اننگز کھیلنے پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ فوٹو: اے ایف پی

RAWALPINDI: بنگلہ دیش نے دوسرے ایک روزہ میچ میں جنوبی افریقا کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر 3 میچوں کی سیریز ایک، ایک سے برابر کردی۔

میر پور کے شیربنگلا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے دوسرے ایک روزہ میچ میں بنگلہ دیش نے جنوبی افریقا کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر پہلے ایک روزہ میچ کا بدلہ چکا دیا۔ پروٹیز نے بنگال ٹائیگرز کو 163 رنز کا ہدف دیا تھا جسے بنگلہ دیش نے 28ویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر پوراکرلیا، اوپنر سومیا سرکار 88 رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے جب کہ محمداللہ نے 50 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ پروٹیز کی جانب سے کاگیسو رباڈا نے 2 اور کائل ایبٹ نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل جنوبی افریقا کے کپتان ہاشم آملہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو پوری ٹیم 162 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ گزشتہ 2 سالوں میں پروٹیز ایشیائی ٹیمیوں کے خلاف ایک روزہ میچوں میں آٹھویں بار200 سے کم ٹوٹل پر آوٹ ہوئی۔ پروٹیز کی جانب سے فاف ڈپلوسی نے 41 اور فرحان بیہاردین 36 رنز بنائے اوران کے علاوہ کوئی بھی بلے باز نمایاں کارکردگی پیش نہ کرسکا۔ ہاشم آملا 22، ڈی کوک 2، جے پی ڈومنی13، کرس مورس12، کگیسو رابادا 10، ریلے روسووو 4، ڈیوڈ ملر 9 اور کیل ایبٹ 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ بنگلادیش کی جانب سے مستفیض الرحمان اور ناصر حسین نے 3،3، روبیل حسین2، مشرفی مرتضی اور محمد اللہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

واضح رہےجنوبی افریقا نے پہلے ایک روزہ میچ میں بنگلہ دیش کو 8 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں