یوں سجتا ہے عید کا دسترخوان

عیدکے خصوصی موقع کے لیے خوش رنگ اور خوش نما نیپکنز اور میز پوش کا انتخاب کریں

سلاد اور دیگر ڈشز کو سبزیوں اور پھلوں کی مددسے منفرد روپ دیں:فوٹو: فائل

عید اورعید ملن پارٹی کا توگویا چولی دامن کا ساتھ ہے۔ ویسے تو دیگر مواقع پر بھی مہمانوں کو مدعو کیا جاتا ہے، مگر جب بات ہو عید کی دعوت کی، تو خاتون خانہ خاصی سرگرم دکھائی دیتی ہیں، کیوں کہ مدعو کیے گئے مہمانوں کے علاوہ کسی بھی وقت عید ملنے آنے والے مہمانوں کی آمد بھی متوقع ہوتی ہے، پھر چوں کہ سب رشتے دار یکے بعد دیگرے ایک دوسرے کو مدعو کرتے ہیں، تو ایسے میں خواتین کی خواہش ہوتی ہے کہ ان کی گھر پر منعقد کی جانے والی عید ملن سب سے منفرد اور یادگار ہو۔ عید ملن پارٹی میں سب سے اہم چیز ٹیبل سیٹنگ ہے، جس پر لذیذ پکوان اپنی بہار دکھا رہے ہوتے ہیں۔

آئیے، ہم آپ کو دسترخوان کو آراستہ کرنے کے چند منفرد طریقے بتائیں تاکہ آپ اپنے مہمانوں سے داد وصول کرسکیں۔

٭ خوشی کا موقع ہو اور پھولوں کا ذکر نہ ہو، یہ تو ممکن ہی نہیں۔ اس لیے اپنی میز کو تازہ اور مصنوعی پھولوں سے آراستہ کیجیے۔ مصنوعی پھولوں سے سجا کم اونچائی کو چھوٹا کرسٹل واز میز کے وسط میں رکھیں یا پھر شیشے کے شفاف پیالے میں پانی بھر کر چٹکی بھر زردے کا رنگ شامل کریں اور پھر تھوڑی سی گلاب اور موتیے کی پتیاں شامل کر دیں۔

اگر آپ نے رات کے کھانے کا اہتمام کیا ہے، تو چھوٹا کینڈل اسٹینڈ میز کے وسط میں رکھیں یا پھر اسی طرح پیالے میں پانی بھر کر تیرنے والی رنگین موم بتیاں روشن کر کے ڈالیں یا پھر دو چھوٹی پیالیوں میں گلاب کی پتیاں میز کے دونوں جانب رکھیں اور درمیان میں ایک بڑی کینڈل یہ سیٹنگ بھی عمدہ تاثر دے گی۔


٭عیدکے خصوصی موقع کے لیے خوش رنگ اور خوش نما نیپکنز اور میز پوش کا انتخاب کریں۔ میز پوش پر شفاف پلاسٹک شیٹ ضرور بچھائیں، تاکہ وہ داغ دھبوں سے محفوظ رہے۔ اس کے علاوہ ٹشو باکس، توٹھ پک، اسٹینڈ، نمک دانی، چینی دان، کٹلری اور ڈشز کے ساتھ ضرور رکھیں۔

٭ آپ چاہیں تو اپنی دعوت کو کوئی خاص رنگ بھی دے سکتی ہیں، جیسے روایتی مٹی کی ہانڈیاں، لکڑی کی ڈوئی اور روٹی کے لیے بید کی ٹوکریاں رکھیں۔ اگر چائنیز ڈشز بنائی ہیں، تو چائنیز عکس اور پرنٹ والا میز پوش اور برتنوں کا انتخاب کریں۔

٭ اپنی کٹلری کو اسٹینڈ میں رکھنے کے علاوہ آپ مختلف شکلوں جیسے دل کی شکل میں بھی سجا سکتی ہیں۔ چنری اور ستاروں والے پرانے دوپٹوں کو پنوں کی مدد سے لڑیوں کی صورت میں میز کے اطراف سیٹ کر دیں، اسے دیکھنے والے داد دیے بغیر نہ رہ سکیں گے۔

٭ سلاد اور دیگر ڈشز کو سبزیوں اور پھلوں کی مددسے منفرد روپ دیں۔ کولڈرنکس کے بہ جائے فنکی ڈرنکس کا انتخاب کریں۔ ایک چھوٹی سی ٹوکری میں پان، سونف سپاری، ٹافیاں اور چاکلیٹس رکھیں اور کھانے کے اختتام پر پیش کریں۔
Load Next Story