فیڈرر کے ارمان بکھر گئے جوکووک تیسری بار ٹائٹل لے اڑے

سوئس ماسٹر کا ریکارڈ نویں مرتبہ ومبلڈن سنگلز ٹائٹل جیتنے کا خواب پورا نہیں ہوسکا

سوئس ماسٹر کا ریکارڈ نویں مرتبہ ومبلڈن سنگلز ٹائٹل جیتنے کا خواب پورا نہیں ہوسکا۔ فوٹو: اے ایف پی

دفاعی چیمپئن نووک جوکووک نے راجرفیڈرر کے ارمان بکھیرتے ہوئے تیسری مرتبہ ومبلڈن کا تاج اپنے سرپر سجالیا، یہ ان کے کیریئر کا 9واں گرینڈ سلم بھی رہا۔

سوئس ماسٹر کا ریکارڈ نویں مرتبہ ومبلڈن سنگلز ٹائٹل جیتنے کا خواب پورا نہیں ہوسکا، بوائز سنگلز ٹرافی امریکی پلیئرریلی اوپیلکا نے جیت لی، انھوں نے فائنل میں سوئیڈش حریف میکائیل یامر کوٹھکانے لگادیا۔تفصیلات کے مطابق ورلڈ نمبرون سربیا کے نووک جوکووک نے ومبلڈن مینز سنگلز کے فائنل میں سوئس حریف راجرفیڈرر کو دلچسپ مقابلے میں 7-6(7/1)، 6-7 (10/12)، 6-4 اور6-3 سے ٹھکانے لگادیا، انھوں نے اس سے قبل آسٹریلین اوپن کی ٹرافی بھی اپنے قبضے میں کی تھی، جوکووک کو گذشتہ ماہ فرنچ اوپن کے فائنل میں اسٹینسلس واورنیکا کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی، 33 سالہ فیڈرر کے عمررسیدہ ومبلڈن چیمپئن بننے کی مہم کا اختتام مایوس کن انداز میں ہوگیا، 17 گرینڈ سلم ٹرافیاں جیتنے والے فیڈرر کو کوئی بھی گرینڈ سلم جیتے ہوئے تین برس بیت چکے لیکن انھوں نے ابھی بھی ہمت نہیں ہاری ہے، وہ اس سے قبل 8 مرتبہ ومبلڈن اعزاز جیت کر پیٹ سمپراس کی ہمسری کرچکے ہیں۔


گذشتہ برس کے فائنل میں بھی جوکووک نے فیڈرر کو ہرایا تھا، اتوار کو منعقدہ فائنل دونوں پلیئرز کے درمیان 40واں باہمی مقابلہ تھا جبکہ گرینڈ سلم میں مدمقابل آنے کا یہ 12واں موقع تھا، جوکووک کیریئر کا 17واں گرینڈ سلم فائنل جبکہ فیڈرر 26ویں مرتبہ ٹرافی سے ایک قدم کی دوری تک پہنچے تھے، فیڈرر نے سیمی فائنل میں برطانوی امیدوں کا محور اینڈی مرے کو مات دیکر ایک اور گرینڈ سلم جیتنے کی امید روشن کی تھی لیکن جوکووک کے سامنے ان کی تمام حربے ناکام ہوگئے، فائنل کو دیکھنے کیلیے دنیائے ٹینس اور ہالی ووڈ کی نامور شخصیات نے ومبلڈن کا رخ کیا، ان میں بورن برگ، راڈ لیور، بینڈکٹ کمبر بیچ، ہیوگرانٹ اور بریڈلے کوپر شامل رہے، پہلے سیٹ میں فیڈرر نے ایک مرحلے پر 4-2 کی برتری حاصل کی لیکن جوکووک نے بھرپور کم بیک کرتے ہوئے یہ سیٹ ٹائی بریکر پر جیت لیا، دوسرے سیٹ میں دونوں پلیئرز کے درمیان ایک ایک پوائنٹ کے حصول کیلیے گھمسان کا رن پڑا۔

اس موقع پر دونوں جانب سے 120 میل فی گھنٹے کی رفتار سے کی جانے والی سروس پر دونوں پلیئرز کا کھیل قابل دید رہا، جوکووک نے چھ مسلسل پوائنٹس جیت کر مقابلہ ٹائی بریکر پر پہنچایا لیکن وہاں پر حتمی فتح نے فیڈرر کے قدم چومے، اس مرحلے پر فیڈرر نے 12-10 سے میدان مارلیا، یہ 2000 میں پیٹ رافٹر اور پیٹ سمپراس کے درمیان فائنل کے بعد سب سے بری ٹائی بریک ثابت ہوئی، تاہم تیسرے اور چوتھے سیٹ میں بازی یکطرفہ طور پر سربین اسٹار کے ہاتھوں میں رہی، دوسری جانب بوائز سنگلز کی ٹرافی امریکی پلیئر ریلی اوپیلکا نے جیت لی، انھوں نے فائنل میں سوئیڈش حریف میکائیل یامر کو اسٹریٹ سیٹ میں 7-6 اور6-4 سے قابو کرلیا۔
Load Next Story