کراچی میں بجلی کے باربار بریک ڈاؤن پر قومی اسمبلی میں تحریک التوا جمع

وزارت پانی و بجلی کی سنگ دلی اور کے الیکٹرک کی ناکامی نے کراچی کو اندھیرے میں دھکیل دیا ہے، تحریک التوا میں موقف

کراچی میں بجلی کے بحران سے شہریوں کو شدید مشکلات کاسامنا ہے، تحریک التوا فوٹو: فائل

KARACHI:
پاکستان پیپلز پارٹی نے کراچی میں بجلی کے بحران پر قومی اسمبلی میں تحریک التوا جمع کرائی ہے۔

پیپلز پارٹی کے اراکین اسمبلی نفیسہ شاہ ، شازیہ مری، عذرا فضل پیچوہو اور اعجاز حسین جاکھرانی کی جانب سے جمع کرائی گئی تحریک التوا میں کہا گیا ہے کہ کراچی میں بجلی کے بحران سے شہریوں کو شدید مشکلات کاسامنا ہے، وزارت پانی و بجلی کی سنگ دلی اور کے الیکٹرک کی ناکامی نے کراچی کو اندھیرے میں دھکیل دیا ہے۔


تحریک التوا میں کہا گیا ہے کہ کراچی میں 1200 سے زیادہ افراد شدید گرمی میں بجلی کی بندش سے جاں بحق ہو چکے ہیں جب کہ وزارت پانی و بجلی کے 2 وزیر اس صورتحال میں غائب رہے، اس لئے وفاقی حکومت اور متعلقہ وزرا ایوان کو اس حوالے سے کئے گئے اقدامات سے آگاہ کریں۔

واضح رہے کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران کراچی میں بجلی کے 4 بریک ڈاؤن ہوچکے ہیں اس کے علاوہ رمضان المبارک میں طویل غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
Load Next Story