بنگلادیش میں جنوبی افریقا کے بولر روسو پر جرمانہ عائد

فاسٹ بولر پر بنگلا دیشی بلے باز تمیم اقبال کو کندھا مارنے پر میچ فیس کا 50 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا


میچ میں بنگلا دیش نے جنوبی افریقا کو شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کردی، فوٹو اے ایف پی

بنگلا دیش اور جنوبی افریقا کے درمیان کھیلے گئے دوسرے ایک روزہ میچ کے دوران جنوبی افریقا کے فاسٹ بولر روسو پر بنگلا دیشی بلے باز تمیم اقبال کو کندھا مارنے پر میچ فیس کا 50 فیصد جرمانہ عائد کردیا گیا۔

ڈھاکا میں کھیلے گئے دوسرے ایک روزہ میچ میں یوں تو بنگلا دیش نے جیت کر جنوبی افریقا کو حیرت زدہ کردیا لیکن یہ دن افریقی ٹیم کے لیے کچھ زیادہ ہی برا ثابت ہوا جب ان کے ایک بولر پر میچ فیس کا 50 فیصد جرمانہ عائد کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پروٹیز کے فاسٹ بولر روسو نے بنگلا دیشی اوپنر تمیم اقبال کو آؤٹ کیا تو وہ خوشی میں اتنے آپے سے باہر ہوگئے کہ انہوں نے پویلین واپس لوٹتے ہوئے تمیم اقبال کو کندھا دے مارا جس کی شکایت انہوں نے تھرڈ ایپمائر اور میچ ریفری سے کردی۔

میچ ریفری ڈیوڈ بون نے ری پلے دیکھنے کے بعد فیصلہ صادر کیا کہ روسو کھیل کے کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے ہیں اور جان بوجھ کر جسمانی کنٹیکٹ کا ارتکاب کیا جس کے باعث ان پر میچ فیس کے 50 فیصد کا جرمانہ عائد کیا جاتا ہے۔ میچ ریفری ڈیوڈ بون کا کہنا تھا کہ کھیل کے دوران کسی قسم کے جسمانی کنٹیکٹ کی کوئی گنجائش نہیں اس لیے ایسے کسی بھی ایکشن پر سزا دینا ضروری ہے۔

واضح رہے کہ اس میچ میں بنگلا دیش نے جنوبی افریقا کو شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کردی جب کہ فیصلہ کن میچ بدھ کو چٹاگانگ میں کھیلا جائے گا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔