الطاف حسین تقریرایسے شخص سے لکھوا لیا کریں جس کی ذہنی حالت ٹھیک ہو پرویزرشید

الطاف حسین کو قومی اداروں کے خلاف منفی زبان استعمال کرنے پر معافی مانگنی چاہیے، وفاقی وزیر اطلاعات

لندن میں الطاف حسین کے خلاف بننے والے مقدمات میں رینجرز کا کوئی قصور نہیں، پرویز رشید، فوٹو:فائل

وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر پرویز رشید کا کہنا ہے کہ الطاف حسین اپنی تقریر خود لکھیں تاکہ انہیں اپنے الفاظ یاد رہیں یا وہ اپنی تقریر ایسے لوگوں سے لکھوائیں جن کی ذہنی حالت ٹھیک ہو۔


اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ الطاف حسین کو قومی اداروں کے خلاف زبان کا استعمال سوچ سمجھ کرکرناچاہیے جب کہ انہیں زبانی تقریر کے بجائے ہمیشہ لکھ کر تقریر کرنی چاہیے کیوں کہ زبانی تقریر الطاف حسین کے حق میں بہتر نہیں ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ قومی اداروں کے خلاف منفی زبان استعمال کرنے پر الطاف حسین کو معافی مانگنی چاہیے وہ اداروں اور سیاسی جماعتوں سے متعلق نامناسب بات کرتے ہیں۔

پرویز رشید کا کہنا تھا کہ الطاف حسین اپنی تقریر خود لکھیں تاکہ انہیں اپنے الفاظ یاد رہیں یا وہ اپنی تقریر ایسے لوگوں سے لکھوائیں جن کی ذہنی حالت ٹھیک ہو جب کہ الطاف حسین تقریر کرنے سے پہلے کسی سے پوچھ بھی لیا کریں۔ انہوں نے کہا کہ لندن میں الطاف حسین کے خلاف بننے والے مقدمات میں رینجرز کا کوئی قصور نہیں۔
Load Next Story