پاکستانی پلیئرز نے عمدہ کھیل کی دھاک بٹھا دی

اعصام کی عدم موجودگی کے باوجود دونوں سنگلز میں عقیل خان اور سمیر سرخرو

اعصام کی عدم موجودگی کے باوجود دونوں سنگلز میں عقیل خان اور سمیر سرخرو ۔ فوٹو : اے ایف پی

ڈیوس کپ ٹائی میں پاکستان نے متاثر کن پرفارم کرتے ہوئے انڈونیشیا کیخلاف دونوں ابتدائی سنگلز جیت لیے، اعصام کی عدم موجودگی میں دیگر کھلاڑیوں نے عمدہ کھیل کی دھاک بٹھا دی۔


تفصیلات کے مطابق ڈیوس کپ ایشیا اوشیاناگروپ2 میں پاکستان نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے میزبان انڈونیشیا کیخلاف ٹائی میں2-0 سے سبقت حاصل کرلی۔ جکارتہ ٹینس سینٹر کے ہارڈ کورٹس پر ابتدائی دن ملکی نمبرون پلیئر 35 سالہ عقیل خان نے اپنے سے 8 برس چھوٹے آدیتیہ ہری سوسانکو کیخلاف2-6 ، 6-3 ، 7-5 اور6-0 سے فتح پائی، دوسرے میچ میں نوجوان پلیئر سمیر افتخار نے ابتدائی 2 سیٹ ہارنے کے باوجود ہمت نہیں ہاری اور زبردست کم بیک کرتے ہوئے باقی تینوں سیٹ جیت کر میچ اپنے نام کرلیا، ڈیوڈ ایگنگ سوسانتو کیخلاف ان کی کامیابی کا اسکور 3-6 ،6-7 (3) ، 6-4 ، 7-5 اور6-0 رہا،یہ مقابلہ 3 گھنٹے 56 منٹ جاری رہا۔

بدھ کو شیڈول ڈبلز میں عقیل خان اور عابد علی اکبر انڈونیشین جوڑی سے مقابلہ کریں گے،دونوں پہلی مرتبہ کسی ڈبلز میں ایک ساتھ ملک کی نمائندگی کر رہے ہیں، یاد رہے کہ پاکستان کے اسٹار کھلاڑی اعصام الحق انجری کے سبب مقابلوں میں حصہ نہیں لے رہے، فیڈریشن نے ان کا کوئی متبادل بھی انڈونیشیا نہیں بھیجا تھا۔
Load Next Story