جرنلزم کی ڈگری کے معاملے پر عمران خان کی اہلیہ ریحام کا یو ٹرن

پاکستان میں حقیقی ایشوز پر بات کرنے کی کوشش کی جائے تو مخصوص لابی حملہ کر دیتی ہے، ریحام خان کا ٹویٹر پیغام

کچھ افراد کا ایجنڈا ہے جس کو میڈیا اجاگر کر رہا ہے اور بلاوجہ کے ایشوز کو اٹھایا جارہا ہے، ریحام خان فوٹو؛فائل

برطانوی اخبار کی جانب سے ڈگری کا معاملہ سامنے آنے کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کی اہلیہ ریحام خان نے اپنے تعلیمی ادارے کا نام ہی تبدیل کر دیا ہے۔

برطانوی اخبار ڈیلی نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ ریحام خان نے جس نارتھ لنڈسے کالج سے براڈ کاسٹ جرنلزم کی ڈگری کا دعویٰ کیا ہے وہ کالج براڈ کاسٹ جرنلزم کا کوئی کورس کراتا ہی نہیں اور نہ ہی اس کالج میں اس نام کی کوئی خاتون رجسٹرڈ رہی ہے۔



ریحام خان نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر پہلے تو اپنی جرنلزم کی ڈگری کے حوالے سے خبر پر ڈیلی میل اور پاکستانی میڈیا سے سخت ناراضگی کا اظہار کیا لیکن انہوں نے برطانوی اخبار کی جانب سے لگائے گئے الزامات کا کوئی جواب نہیں دیا لیکن بعد ازاں اپنی آفیشل ویب سائٹ سے اپنے تعلیمی ادارے کا نام تبدیل کر کے گرمز بی انسٹیٹیوٹ کردیا۔


اپنے ٹویٹر پیغام میں عمران خان کی اہلیہ کا کہنا تھا کہ آج کی صبح اس بات کی مثال ہے کہ میں ڈیلی میل کیوں نہیں پڑھتی اور پاکستانی میڈیا کیوں نہیں دیکھتی، پاکستان میں حقیقی ایشوز پر بات کرنے کی کوشش کی جائے تو مخصوص لابی حملہ کر دیتی ہے کچھ افراد کا ایجنڈا ہے جس کو میڈیا اجاگر کر رہا ہے اور بلاوجہ کے ایشوز کو اٹھایا جارہا ہے، ایسے ہتھکنڈے مجھے اپنے مقصد سے دور نہیں کرسکتے۔





واضح رہے کہ ریحام خان نے اپنی آفیشل ویب سائٹ پر برطانیہ کےنارتھ لنڈسے کالج سے براڈ کاسٹ جرنلزم میں پوسٹ گریجویٹ کی ڈگری حاصل کرنے کا دعویٰ کیا ہے اور اسی تعلیمی قابلیت کی بنیاد پر وہ پہلے برطانیہ اور بعد ازاں پاکستان میں صحافت میں آئیں۔

یاد رہے کہ یہ وہی اخبار ہے جس نے اس سے قبل عمران خان اور ریحام خان کی خفیہ شادی کی خبر بھی بریک کی تھی اور پھر اس کے بعد ان دونوں کی شادی کی خبر سامنے آئی تھی۔
Load Next Story