انگلش ٹیم اورپیٹرسن کے درمیان ’امن مذاکرات‘ کا جلدآغاز

دونوں فریقین کو آمنے سامنے بٹھا کر تلخیاں ختم کرنے کی کوشش کی جائے گی


AFP October 17, 2012
کوچ اینڈی فلاور اور سینئرکرکٹرز کی رضامندی سے ہی اسٹار بیٹسمین پر ٹیم کے دروازے دوبارہ کھل پائیں گے۔ فوٹو : اے ایف پی/فائل

ISLAMABAD: انگلش ٹیم اور کیون پیٹرسن کے درمیان 'امن مذاکرات' جلد شروع ہوں گے۔

دونوں فریقین کو آمنے سامنے بٹھا کر تلخیاں ختم کرنے کی کوشش کی جائے گی، کوچ اینڈی فلاور اور سینئرکرکٹرز کی رضامندی سے ہی اسٹار بیٹسمین پر ٹیم کے دروازے دوبارہ کھل پائیں گے۔ ٹوئنٹی 20 کپتان اسٹورٹ براڈ کا کہنا ہے کہ پلیئرز پیٹرسن کے ساتھ اختلافات ختم کرنے کو تیار ہیں۔

ٹیکسٹ تنازع اور دیگر معاملات کی وجہ سے اسٹار بیٹسمین کو جنوبی افریقہ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ سے باہر کیا گیا تھا،اس کے بعد ان پر انٹرنیشنل کرکٹ کے دروازے بند کردیے گئے،اب ان کے انگلش بورڈ سے تو معاملات طے ہوچکے اورچار ماہ کا کنٹریکٹ بھی دے دیا گیا مگر ٹیم میں واپسی کا کٹھن مرحلہ باقی ہے، کوچ اینڈی فلاور اور کئی سینئر کھلاڑی پیٹرسن کے طرز عمل سے ناخوش تھے، خود بیٹسمین نے بھی کئی کھلاڑیوں پر اپنے خلاف سازشیں کرنے اور ان کے نام سے مزاحیہ ٹویٹر اکائونٹ بنانے کا الزام عائد کیا تھا۔

براڈ کا کہنا ہے کہ پیٹرسن کی ٹیم میں شمولیت مینجمنٹ کے ہاتھ میں ہے، ہم انھیں دوبارہ خوش آمدید کہنے کو تیار ہیں، ہم نے ان کے ساتھ بطور ٹیم کئی کامیابیاں حاصل کی ہیں، میں 6 برس سے ٹیم میں ہوں اور اس دوران دو ایشز سیریز اور ایک ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ جیتا، ہم اچھی طرح جانتے ہیں کہ کیون پیٹرسن ایک خطرناک کھلاڑی ہے مگر یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ موجودہ صورتحال کو اینڈی فلاور ہی درست کرسکتے ہیں، ہم سب کو اس وقت ان پر بہت زیادہ اعتماد ہے، چاہے کیون پیٹرسن کی واپسی دورئہ بھارت میں ہو یا پھر نیوزی لینڈ سے سیریز میں ہم انھیں خوش آمدید کہیں گے، ہم ایک دیانتدار ڈریسنگ روم کی وجہ سے خود پر فخر کرتے ہیں اور یہ سلسلہ برقرار رکھنے کیلیے آپس میں بات کرنے کی ضرورت ہے، جلد ہی ہماری اس حوالے سے پیٹرسن کے ساتھ ملاقات ہونی ہے جس میں تنازع کو ختم کیا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں