پاکستان کا بھارت سے ڈرون طیارے کی فضائی حدود کی خلاف ورزی پر شدید احتجاج

سیکریٹری خارجہ اعزاز چوہدری نے بھارتی ہائی کمشنر کو طلب کرکے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی پر شدید احتجاج کیا

پاک فوج نے گزشتہ روز پاکستانی حدود میں داخل ہونے والے بھارتی جاسوس طیارے کو مار گرایا تھا فوٹو: فائل

پاکستان نے بھارت کی جانب سے ڈرون طیارے کے ذریعے فضائی حدود کی خلاف ورزی پر بھارتی ہائی کمشنر کو طلب کرکے شدید احتجاج کیا ہے۔

سرکاری نشریاتی ادارے کے مطابق دفتر خارجہ اسلام آباد میں سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری نے بھارت کے ہائی کمشنرٹی سی راگھون کو بھارتی جاسوس طیارے کی پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی پراحتجاج ریکارڈ کرایا، انہوں نے کہا کہ فضائی حدود کی خلاف ورزی بین الاقوامی قانون، پاکستان کی علاقائی سالمیت، فضائی حدود کی خلاف ورزی کے معاملے پر 1991 کے معاہدوں اور فوجی مشقوں کی پیشگی اطلاع اور فوجیوں کی نقل و حرکت کے حوالے سے طے شدہ طریقہ کار کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ سیکرٹری خارجہ نے 11 جولائی کو کنٹرول لائن کے ساتھ بھارت کے جانب سے ہیلی کاپٹر کی مشقوں پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے ایک حملے اور دھمکی کے مترادف قرار دیا۔


خارجہ سیکرٹری نے پکھلیاں اکھنور سیکٹر میں 15 جولائی کو بھارتی فورسز کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزی پر بھی احتجاج ریکارڈ کرایا، خارجہ سیکرٹری نے جمعرات کی صبح کنٹرول لائن اور ورکنگ باؤنڈری پرجنگ بندی کی خلاف ورزیوں پر بھی احتجاج کیا جس کے نتیجے میں 4 شہری شہید اور 5 زخمی ہوئے۔

خارجہ سیکرٹری نے اس بات پر زور دیا کہ کنٹرول لائن اور ورکنگ باؤنڈری کے ساتھ اور خطے میں بالعموم امن اور ہم آہنگی کا جذبہ برقرار رکھنے کیلئے یہ بات انتہائی اہمیت رکھتی ہے کہ جنگ بندی کے معاملے پر 2003 کی مفاہمت کو برقرار رکھا جائے، بھارت کے ہائی کمشنر نے ان کا پیغام اپنے حکام تک پہنچانے کا یقین دلایا.
Load Next Story