یونانی پارلیمنٹ نے بیل آؤٹ پیکج کی منظوری دے دی ملک بھر میں شدید احتجاج

300 ارکان پر مشتمل ایوان میں سے 229 ارکان نے حمایت جب کہ 3 وزرا نے بل کی مخالفت میں ووٹ دیا۔


ویب ڈیسک July 16, 2015
300 ارکان پر مشتمل ایوان میں سے 229 ارکان نے حمایت جب کہ 3 وزرا نے بل کی مخالفت میں ووٹ دیا۔ فوٹو: اے ایف پی

یونانی پارلیمنٹ نے شدید عوامی احتجاج کے باوجود بیل آؤٹ پیکج کی کثرت رائے سے منظوری دے دی جس کے بعد ملک کے مختلف شہروں میں عوام کی جانب سے شدید احتجاج کیا جارہا ہے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یونانی پارلیمنٹ میں بیل آؤٹ پیکج منظور کرنے یا نہ کرنے کے حوالے سے ووٹنگ ہوئی۔ 300 کے ایوان میں سے 229 ارکان نے بیل آؤٹ پیکج کی حمایت میں ووٹ دیا جب کہ بعض حکومتی وزرا سمیت 38 ارکان نے اس کی مخالفت کی، مخالفت کرنے والوں میں وزیرتوانائی ، ڈپٹی لیبر منسٹر، پارلیمانی اسپیکر سمیت سابق وزیرخزانہ بھی شامل ہیں جنہوں نے بل کی شدید مخالفت کرتے ہوئے اس کے خلاف ووٹ دیا۔

یونانی وزیراعظم الیگزس سپرس نے ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ یورپی یونین اور یونان کے درمیان بیل آؤٹ پیکج معاہدہ سخت ہے تاہم اس کے سوا کوئی چارہ نہیں تھا، ہم بیل آؤٹ پیکج پر یقین نہیں رکھتے لیکن ہم اسے قبول کرنے کے لئے مجبورہیں۔

ایوان سے بیل آؤٹ پیکج کی منظوری کے بعد ہزاروں افراد دارالحکومت ایتھنز کی سڑکوں پر نکل آئے جنہیں منتشر کرنے کے لئے پولیس کی جانب سے آنسو گیس کی شیلنگ اور واٹرکینن کا استعمال کیا گیا، پولیس کے مطابق 12 ہزار سے زائد افراد سنتگما اسکوائر پر جمع ہوئے جہاں انہوں نے احتجاج شروع کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔