تعمیر مائیکرو فنانس بینک اور ٹیلی نار کی سیونگ پراڈکٹ متعارف

انشورنس کی رقم براہ راست صارف کے موبائل کے اکائونٹ کے ساتھ منسلک کی جائے گی


Business Reporter October 17, 2012
صارفین قدرتی موت کی صورت میں 5لاکھ روپے اور حادثاتی موت کی صورت میں 10 لاکھ روپے کی کوریج حاصل کر سکیں گے. فوٹو: فائل

MUMBAI: تعمیر مائیکرو فنانس بینک (ٹی ایم ایف بی) اور ٹیلی نار پاکستان نے سیونگ پراڈکٹ ''ایزی پیسہ خوشحال'' متعارف کرادی ہے جس کے تحت ایزی پیسہ خوشحال اکائونٹ میں 2ہزار روپے کا بیلنس برقرار رکھنے والے صارفین کو لائف اور حادثاتی موت کے بیمہ کی کوریج مفت فراہم کی جائے گی.

انشورنس کی رقم براہ راست صارف کے موبائل کے اکائونٹ کے ساتھ منسلک کی جائے گی، صارفین قدرتی موت کی صورت میں 5لاکھ روپے اور حادثاتی موت کی صورت میں 10 لاکھ روپے کی کوریج حاصل کر سکیں گے اور اکائونٹ میں مالیت کے لحاظ سے انشورنس کوریج بھی بڑھتی جائے گی۔

ایزی پیسہ خوشحال کی تعارفی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسٹیٹ بینک کے ڈپٹی گورنر قاضی عبدالمقتدر نے کہا کہ تعمیر مائیکروفنانس بینک (ایزی پیسہ) اور یوبی ایل (اومنی) دونوں اداروں نے اب تک بینکاری سہولتوں سے محروم افراد میں سے 14لاکھ47ہزار381 سے زائد موبائل والٹ اکاؤنٹس رجسٹر کیے ہیں جنہیں برانچ لیس بینکاری کے تحت کھولا گیا ہے اور اس میں موبائل فون اور اسمارٹ کارڈ دونوں شامل ہیں، ملک میں موبائل فون اور اسمارٹ کارڈ بینکاری اکاؤنٹس کی تعداد بڑھ کر تقریباً 1.45 ملین تک پہنچ گئی ہے جس سے نشاندہی ہوتی ہے کہ پاکستان کا مالی شعبہ اب جدید ترین ٹیکنالوجی کی مدد سے ایک متحرک عبوری دور سے گزر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک سہ ماہی (اپریل تا جون 2012) کے دوران صرف دو فریقوں (ٹی ایم ایف بی اور یو بی ایل اومنی) کی جانب سے 115 ارب روپے مالیت کے تقریباً 30 ملین برانچ لیس بینکاری کھاتوں کو پروسیس کیا گیا، مصنوعات کی تیاری میں اس قسم کی جدت پسندی سے نہ صرف مائیکرو فنانس بینک اندرونی فنڈنگ کے لیے چھوٹی بچتوں کو متوجہ کر سکیں گے بلکہ بچت کرنے والے افراد کو ایک پراڈکٹ کی صورت میں تحفظ کا احساس اور بیمے کی سیکیورٹی بھی مہیا ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ دور 'طلب پر مبنی' جدت پسندانہ مصنوعات متعارف کرانے کا ہے۔

جس کے ذریعے مائیکرو فنانس بینک فنڈز کی قلت اور مالی اخراج جیسی دشواریوں سے باآسانی نمٹ سکتے ہیں۔ تعمیر مائیکرو فنانس بینک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ندیم حسین نے کہا کہ ملک میں 89 فیصد آبادی بینکاری سہولت سے محروم ہے، جی ڈی پی کے تناسب سے پاکستان میں بچت ابھی تک سنگل ڈیجٹ میں ہے جس کی سب سے بڑی وجہ بینک اکائونٹ کھولنے میں حائل رکاوٹیں ہیں، تعمیر بینک اسٹیٹ بینک کے ساتھ مل کر مائیکرو فنانس کا دائرہ وسیع کرنے کیلیے رسک مینجمنٹ پروگرام پر کام کر رہا ہے جس کے تحت ملک بھر میں تمام موبائل فون صارفین کو بغیر کسی شرط کے موبائل بینک اکائونٹ کی سہولت مہیا کی جائے گی۔

ٹیلی نار پاکستان کے چیف فنانشل آفیسر Roar Bjaerum نے کہا کہ ایزی پیسہ خوشحالی کے ساتھ مالی تحفظ کا حق صارفین کو ان کی دہلیز پر فراہم کیا جا رہا ہے، ٹیلی نار ایزی پیسہ کے ذریعے اپنے صارفین کی زندگیوں میں آسانی فراہم کرنے کے جذبے سے سرشار ہے۔ اس موقع پر ایزی پیسہ خوشحال کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا گیا جن میں سہ ماہی بنیادوں پر قرعہ اندازی سے قیمتی انعامات شامل ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں