خیبرپختونخوا کے مختلف حصوں میں آج عیدالفطر منائی جارہی ہے

کسی بھی ناخوشگوار واقعے کے پیش نظرمساجد اور عیدگاہوں کے باہرسخت سیکیورٹی انتظامات کئے گئے۔


ویب ڈیسک July 17, 2015
کسی بھی ناخوشگوار واقعے کے پیش نظرمساجد اور عیدگاہوں کے باہرسخت سیکیورٹی انتظامات کئے گئے۔ فوٹو:فائل

خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں میں آج عیدالفطر منائی جارہی ہے جب کہ شوال کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج اسلام آباد میں چیئرمین مفتی منیب الرحمن کی زیرصدارت ہوگا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں میں آج عیدالفطرمنائی جارہی ہے جب کہ سیکیورٹی فورسز کی جانب سے کسی بھی ناخوشگوار واقعے کے پیش نظرمساجد اور عیدگاہوں کے باہرسخت سیکیورٹی انتظامات کئے گئے۔ باجوڑ ایجنسی میں بھی عیدالفطربھرپورمذہبی جوش و جذبے سے منائی جارہی ہے اور ایجنسی کی تمام مساجد میں نمازعید ادا کی گئی جب کہ پولیٹیکل انتظامیہ اورایف سی فورس کی جانب سے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے۔ میانوالی کے افغان مہاجرین کیمپ کورٹ چاہاندنہ میں بھی عیدالفطرکی نمازادا کردی گئی۔

پاک افغان سرحد سے متصل بلوچستان کے شہر چمن میں بھی افغان مہاجر کیمپوں میں عید منائی جارہی ہے، جنگل پیرعلیزئی، سرخاب سمیت ضلع بھر میں نماز عید کے ایک سو سے زائد اجتماعات کا انعقاد کیا گیا جب کہ لورالائی کی افغان بستیوں میں بھی عید کے اجتماعات کا انعقاد کیا گیا۔ کراچی کے 11 مختلف مقامات پر نماز عید کے بڑے اجتماع ہوئے اوربوہری جماعت کا نمازعید کا بڑا اجتماع صدرکی طاہری مسجد میں ہوا جہاں نمازعید کے اجتماع میں ملکی سلامتی اور امن و امان کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔

دوسری جانب شوال کا چاند دیکھنے کے لئے آج مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس چیئرمین مفتی منیب الرحمان کی سربراہی میں اسلام آباد میں ہوگا۔ وزارت مذہبی امورکے مطابق زونل اورضلعی ہلال کمیٹیوں کے اجلاس اپنے اپنے متعلقہ مقامات پرہوں گے، وزارت مذہبی امور نے چاندکے حوالے سے شہادتوں کی اطلاعات کے لئے ایک سیل قائم کیا ہے جس میں ملک بھرسے اطلاعات موصول کی جاسکیں گی۔ مرکزی رویت ہلال کمیٹی چاندنظرآنے یانہ آنے کے حوالے سے ان شہادتوں کومدنظررکھ کرفیصلہ کرے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں