خواتین سنگھار یہ تہوار کا۔۔۔

خواتین چاہتی ہیں کہ وہ خوشی کے ہر موقع، تہوار اور شادی بیاہ پر سب سے منفرد نظر آئیں


سحرش پرویز July 18, 2015
آرائش اور زیبائش ہر خاتون کا ہی شوق ہوتا ہے فوٹو : فائل

ISLAMABAD: آرائش اور زیبائش ہر خاتون کا ہی شوق ہوتا ہے۔ وہ یہی چاہتی ہے کہ وہ خوشی کے ہر موقع اور تہوار پر، شادی بیاہ پر سب سے منفرد نظر آئے۔ اس کے لیے وہ نت نئے جتن کرتی ہے۔ وہ ہمیشہ یہ جاننے میں لگی رہتی ہے کہ آج کل کون سا فیشن اِن ہے۔

کون سی میک اپ کی تکنیک زیادہ چل رہی ہے، کون سے رنگ کے آئی شیڈ اِن ہیں اور کون سے آؤٹ۔ان سب باتوں کو جاننے کے لیے سب سے زیادہ مشکل بدلتے ہوئے موسم میں یا تہواروں کے موقع پر ہوتی ہے، کیوں کہ ان موقعوں پہ فیشن کی دنیا میں بڑی تبدیلیاں رونما ہوتی ہیں۔پہلے رمضان کی مصروفیات پھر عید کی شاپنگ۔۔۔ اس کے بعد پتا ہی نہیں چلتا کب عید کا دن آجاتا ہے۔ آئینے کا سامنا کریں تو چہرے کی فکر دامن گیر ہوتی ہے کہ بلیک ہیڈز کس طرح صاف ہوں۔

اگر آپ کا شمار بھی ایسے ہی خواتین میں ہے، تو گھبرائیے نہیں ہم جھٹ پٹ اس کا علاج بتائے دیتے ہیں۔ جلدی سے کسی اچھی کولڈ کریم لے کر چہرے کی جلد کو اچھی طرح سے ملیں کہ چہرہ دہکنے لگے۔ اس کے بعد کسی برتن میں ابلتا ہوا پانی لیں اور چہرے اور گردن کو کچھ دیر کے لیے پانی کی بھاپ میں رکھیں، جب پسینا آجائے، تو تولیے کی مدد سے چہرہ اچھی طرح صاف کر لیں۔ اس طرح آپ کے چہرے کا میل صاف ہوجائے گا اور تمام مسام کھل جائیں گے۔گذشتہ دنوں کی سخت گرمی کی بنا پر بہت سی خواتین کی جلد سن برن کا شکار ہوئی۔

ماہ صیام میں باورچی خانے کی مصروفیات اور پھر بازار کے بکھیڑے۔۔۔۔ اگرچہ بہت سی خواتین نے باہر جانے سے پہلے سن بلاک کا استعمال کیا ہوگا، لیکن اچھے سن بلاک کا اثر بھی کچھ ہی دیر برقرار رہتا ہے۔ یہ صرف دو سے تین گھنٹے تک اپنا کام دکھاتے ہیں، لیکن پھر اس کے بعد گرمی اور پسینے سے سن برن (جلد کا جل جانا) کا شکار ہو جاتی ہے۔ ایسے میں وہ ایک نئی پریشانی میں مبتلا ہو جاتی ہیں اور پھر بیوٹی پارلرز کا رخ کرتی ہیں، جہاں کافی منہگے ٹریٹمنٹ سے گزرنا پڑتا ہے، جو ہر خواتین کی پہنچ میں نہیں ہوتا، پھر جب عید جیسا تہوار سر پر ہو تو پارلروں میں ویسے بھی بہت رش ہوتا ہے۔

جس سے پریشانی اور بھی زیادہ ہو جاتی ہے۔سن برن سے متاثرہ جلد کو گھر پر ہی ٹھیک کرنے کے لیے سب سے پہلے تو اس بات کا دھیان رکھیں کہ سن برن ہونے کے فوراً بعد اپنی جلد پر برف کی ٹکور نہ کریں، کیوں کہ یہ خون کی روانی کو روک دیتا ہے اور ٹشوز کو نقصان پہنچاتا ہے۔ جلد جھلسنے کے بعد اگر ایلوویرا جیل کا استعمال کیا جائے، تو یہ بہت فائدہ مند ہے۔ یہ جیل دھوپ سے جلنے کے باعث ہونے والی جلن کو روکتا ہے، جلد کی سوجن کو کم کرتا ہے اور جلے ہوئے ٹشوز کو ختم کر کے نئے ٹشوز کی نشوونما میں مدد فراہم کرتا ہے، جس سے جلی ہوئی رنگت بہت جَلد اپنی اصلی حالت میں واپس آجاتی ہے۔ اس کے علاوہ شہد کا استعمال بھی جلد کے لیے بہت مفید ہے۔

اس میں قدرتی اینٹی بائیوٹک موجود ہوتے ہیں، جو جلد کو کسی بھی قسم کے انفیکشن میں تبدیل ہونے نہیں دیتے۔ آج کے دن بھی اگر آپ سن برن سے پریشان ہیں، تو ہم آپ کی مدد کیے دیتے ہیں۔ اگر آپ سن برن پر دن میں چار سے پانچ مرتبہ روئی کی مدد سے دودھ لگائیں، تو اس سے جلد کا کالا پن دور ہو جائے گا۔اس کے بعد اپنی جِلد کی مناسبت سے ماسک کا انتخاب کریں۔ مثلاً خشک جلد کے لیے موئسچرائزر ماسک، چکنی جلد کے لیے کلینزنگ ماسک اور نارمل جلد کے لیے کوئی بھی ماسک استعمال کیا جا سکتا ہے۔ چہرے پر ماسک اس طرح لگائیں کہ آنکھوں اور ہونٹ کا حصہ خالی رہے۔

جب اچھی طرح ماسک خشک ہو جائے تو چہرہ دھو لیں اور فوراً ہی اسکن ٹانک لگا لیں، تاکہ مسام بند ہو جائیں، پھر موئسچرائزنگ لوشن سے اچھی طرح مساج کریں۔ لیجیے تھوڑی سی دیر میں عید کے روز آپ بھی اپنی جلد کی فکر سے آزاد ہوگئیں۔عید کے دن ہمیں طویل وقت تک میک اپ میں رہنا پڑتا ہے۔ ایسے میں خواتین پسینے سے بہت گھبراتی ہیں۔ اس کا حل یہ ہے کہ صبح کے وقت میک اپ سے پہلے آپ کسی اچھے آئل کنٹرول فیس واش سے منہ دھو لیں یا پھر آئل کنٹرول ٹونر لگائیں۔

اس کے بعد کنسیلر کا استعمال کریں۔ ایک تو آپ کے چہرے کے داغ دھبے چھپ جائیں گے۔ کنسیلر ٹھوڑی اور ناک کے دائیں بائیں حصے پر ضرور لگائیں۔ یہ تمام حصے چہرے کے دیگر حصوں کے مقابلے میں ذرا گہرے رنگ کے حامل ہوتے ہیں۔ اب اپنی جلد سے ایک شیڈ گہرا فاؤنڈیشن چہرے پر اچھی طرح لگالیں۔ کان اور گردن پر بھی فاؤنڈیشن لگانا نہ بھولیں۔ اس کے بعد چہرے پر پف پاؤڈر لگائیں اور اگر زیادہ لگ جائے، تو اسے برش کی مدد سے صاف کرلیں۔

گرمیوں میں آنکھوں کے میک اپ کے لیے ایسے آئی شیڈو کا استعمال کریں جس میں سیلیکون شامل ہوں کیوںکہ سیلیکون جلد پر ٹھیرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، پھر رخساروں پر ہلکا سا بلشر لگائیں۔ بھنوؤں پر بھی پینسل کا استعمال کریں، تاکہ وہ گہری لگیں۔ اب ہونٹوں پر ہلکے رنگ کی لپ اسٹک کا استعمال کریں تاکہ آپ نفیس لگیں۔

ان ہدایات پر عمل کر کے آپ اپنے عید کے دن کو مزید خوب صورت بنا سکتی ہیں۔ آنے والے مہمانوں میں جس کی نظر بھی آپ پر پڑے گی، وہ آپ کی تعریف کیے بنا نہیں رہے گا اور یہاں آپ کو اپنے اوپر کی جانے والی محنت وصول ہو جائے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں