خواتین کی عید تو باورچی خانے میں ہے

باورچی خانہ گھر کی وہ جگہ ہے جہاں خواتین دن کا بیش تر وقت گزارتی ہیں،

عید کی صبح کے دن سے ہی باورچی خانے میں طرح طرح کے پکوانوں کی خوشبووں اور برتنوں کی کھنک کا راج ہوتا ہے فوٹو : فائل

باورچی خانہ گھر کی وہ جگہ ہے، جہاں خواتین دن کا بیش تر وقت گزارتی ہیں، جب موقع ہو خوشی کے کسی تہوار کا، تو یہاں کی مصروفیات میں اور بھی زیادہ اضافہ ہو جاتا ہے۔ ایسے ہی خوشی کے مواقع میں عید کا دن سر فہرست ہے۔ صبح کے دن سے ہی باورچی خانے میں طرح طرح کے پکوانوں کی خوشبووں اور برتنوں کی کھنک کا راج ہوتا ہے۔

یہ گھر کا وہ حصہ ہے، جسے سب سے زیادہ توجہ کی ضرورت ہوتی ہے، بالخصوص جب عید جیسا خوشیوں کا تہوار آن موجود ہو، تو گویا ملن رنگ کی ساری رونق باورچی خانے کے ہی دم سے تو زندہ ہوتی ہے۔ بعض اوقات ایسا ہوتا ہے کہ عید کے تین دنوں میں باورچی خانے میں اتنی بھاگا دوڑی ہوتی ہے کہ اس کے بعد بکھیڑے سمیٹنے اور صفائی ستھرائی میں بھی پھر کافی دقت کا سامنا ہوتا ہے۔

اس لیے عید کے دوران بھی کوشش کریں کہ جتنا ممکن ہو ہاتھ کے ہاتھ چیزیں سمٹتی رہیں۔ 'بعد میں کر لیں گے' کے خیال سے اگر چھوڑتی رہیںگی، تو عید کے بعد کافی کوفت کا سامنا کرنا پڑے گا۔

پہلی بات تو یہ ذہن میں رکھیں کہ باورچی خانے میں کام ختم کرنے کے بعد تمام چیزوں کو ان کی جگہ پر واپس رکھیں۔ تاکہ عید کے بعد جب کام شروع کریں، تو پریشانی نہ ہو۔ بار بار استعمال میں آنے والے برتن عارضی طور پر کسی شیلف پر رکھ دیں، تاکہ انہیں ایک ہی بار واپس رکھا جاسکے۔ستم یہ کہ عید کے دن کاموں کی بہتات کے باعث باورچی خانے کی ہلکی پھلکی صفائی کا موقع بھی نہیں ملتا، جس سے بعد میں کام اور بڑھ جاتا ہے۔


کوشش کریں کہ رات کو جب باورچی خانے کا کام مکمل ہوجائے، تو زیادہ نہ سہی ہلکی پھلکی صفائی ضرور کر لیں، تاکہ کم سے کم کیڑے مکوڑے تو نہ آئیں۔پھر جیسے ہی عید کی مصروفیات ختم ہوں، تو باورچی خانے کی اچھی طرح صفائی یقینی بنائیں، اس کے لیے مندرجہ ذیل طریقے کارگر ثابت ہو سکتے ہیں۔

٭فرش کی چکنائی دور کرنے کے لیے پہلے اسے تھنر سے صاف کر لیں، پھر واشنگ پاؤڈر سے دھوئیں، فرش چمک جائے گا۔

٭عید کے دنوں میں سنک بہت زیادہ چکنا ہو جاتا ہے۔ اس کی صفائی کے لیے گرم پانی سنک میں ڈالیں، اس کے بعد اسے صابن سے صاف کریں تو جلد ہی سنک پہلے جیسا صاف ستھرا ہو جائے گا۔

٭عید کے بعد اگر آپ کو محسوس ہوتا ہے کہ باورچی خانے کی دیواریں بھی صفائی مانگتی ہیں۔ ان پر چکنائی اور دھویں کی بنا پر میلا پن غالب آرہا ہے، تو اسے پہلے تھنر کی مدد سے صاف کر لیں، پھر میٹھا سوڈا لگا کر نرم تولیے سے صاف کریں۔ اس طرح دیواریں بھی صاف رہیں گی اور ان کا رنگ بھی خراب نہیں ہوگا۔

٭ بعض اوقات عید کے پکوان، مٹھائی اور کیک سے فریج اور مائیکروویو اوون بھی گندے ہو جاتے ہیں۔ اس لیے بہتر ہوگا کہ اسے بھی پہلی فرصت میں برتن دھونے کے صابن سے صاف کرلیں تاکہ یہ بھی صاف ستھرے ہو جائیں۔
Load Next Story