تیسرے ون ڈے میں پاکستان نے سری لنکا کو 135 رنز سے شکست دیدی

پاکستان نے پانچ ایک روزہ میچوں کی سریز میں 1-2 سے برتری حاصل کرلی


ویب ڈیسک July 19, 2015
سری لنکا کی پوری ٹیم 42 ویں اوور میں 181 رنز پر ڈھیر ہوگئی، فوٹو:اے ایف پی

پانچ میچوں کی سیریز کے تیسرے ون ڈے میں پاکستان سے سری لنکا کو 135رنز سے شکست دے کر سیریز میں 1-2 کی برتری حاصل کرلی۔

کولمبو کے پریما داسا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے تیسرے ایک روزہ میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا آغاز کیا تو احمد شہزاد اور اظہر علی نے ٹیم کو 93 رنز کا آغاز فراہم کیا احمد شہزاد 44 اور اظہر علی 49 رنز بنا کر آوٹ ہوئے جب کہ محمد حفیظ 54 رنز بنا کر پویلین لوٹے اور سرفراز احمد نے کیرئیر کی دوسری نصف سنچری اسکور کرتے ہوئے 77 رنز اسکور کیے جب کہ شعیب ملک 42 اور محمد رضوان 35 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔ پاکستان نے سری لنکا کو 4 وکٹوں کے نقصان پر جیت کے لیے 317 رنز کا ہدف دیا۔

پاکستان کی جانب سے دیئے گئے ہدف کے تعاقب میں سری لنکن ٹیم ابتدا سے ہی مشکلات کا شکار رہی، سری لنکا کے ابتدائی بلے باز ٹیم کو اچھا آغاز فراہم نہ کرسکے اور پہلی وکٹ 33 رنز پر گر گئی جس کے بعد شاہینوں نے ایک کے بعد ایک کھلاڑی کو پویلین بھیجا اور سری لنکا کی پوری ٹیم 42 ویں اوور میں 181 رنز پر ڈھیر ہوگئی، سری لنکا کی جانب سے تھریمانے سب سے زیادہ 56 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے 4، انور علی اور عماد وسیم نے 2،2 وکٹیں لیں۔

اس سے قبل پاکستان اور سری لنکا کے میچ میں دوسری اننگز کے دوران لنکن تماشائی اپنی ٹیم کو ہارتے نہ دیکھ سکے اور اسٹیڈیم میں ہلڑ بازی شروع کردی جس کے بعد پاکستانی سپورٹرز پر پتھراؤ کیا گیا اور گراؤنڈ میں بھی دیگر سامان پھینکا گیا۔

اسٹیڈیم میں ماحول بدنظمی کا شکار ہونے کےبعد کھیل کو فوری طور پر روک دیا گیا اور دونوں ٹیموں کے کرکٹر اسٹیڈیم سے باہر چلے گئے تاہم کچھ دیر بعد صورتحال قابو میں آتے ہی میچ دوبارہ شروع کردیا گیا۔

واضح رہے قومی ٹیم نے 5 میچوں کے سیریز کے پہلے ایک روزہ میچ میں محمد حفیظ کی آل راونڈر کارکردگی کی بدولت سری لنکا کو 6 وکٹوں سے شکست سے دوچار کیا تھا جب کہ دوسرے ایک روزہ میچ میں آئی لینڈرز نے کشال پریرا اور چندیمل کی شاندار بیٹنگ کی بدولت 2 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔